وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا چمن میں اغواء کاروں کے خلاف کامیاب کاروائی اور مغوی کی باحفاظت بازیابی پر پولیس اور لیویز اہلکاروں کیلئے اسناد و انعامات کا اعلان،دہشت گردوں ،اغواء کاروں اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث عناصر پرعرصہ حیات تنگ کردیاجائے گا،عوام کی جان و مال کیلئے خطرہ بننے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی،وزیر اعلیٰ

منگل 6 دسمبر 2016 23:22

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے چمن میں اغواء کاروں کے خلاف پولیس کی کامیاب کاروائی کے نتیجے میں مغوی کی باحفاظت بازیابی اور اغواء کاروں کے کیفر کردار تک پہنچائے جانے پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے جبکہ انہوں نے اغواء کاروں کے خلاف کاروائی میں حصہ لینے والے پولیس اور لیویز اہلکاروں کیلئے اسناد و انعامات کا اعلان بھی کیا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ اغواء برائے تاوان کے واقعات میں حکومت کی برداشت کی حد صفر ہے اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کو ان کے انجام تک پہنچانے کیلئے آخری حد تک جایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں ،اغواء کاروں اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث عناصر پرعرصہ حیات تنگ کردیاجائے گا اور عوام کے جان و مال کیلئے خطرہ بننے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے حالیہ دنوں میں دہشت گرد عناصر ان کے سہولت کاروں اور اغواء کار گروپوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کی کامیاب کاروائیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری بہادر فورسز جانوں کی پرواہ کئے بغیر قانون کی بالادستی اور عملداری کے قیام کویقینی بنانے ، امن برقرار رکھنے اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے دن رات کوشاں ہے جنہیں حکومت کی مکمل سرپرستی اور عوام کی بھرپور تائید و حمایت حاصل ہے اور انشاء اللہ صوبے میں جلد امن مکمل امن قائم ہوجائے گا ۔