جنوبی پنجاب یونائٹیڈ بزنس گروپ کا گڑھ ہے، پنجاب سے ہمارے مخالفین کو ووٹرز ملنا ہی مشکل ہوگئے،یو بی جی

منگل 6 دسمبر 2016 23:22

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یوبی جی) کے چیئرمین افتخار علی ملک اور سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب یو بی جی کا گڑھ ہے، پنجاب سے ہمارے مخالفین کو ووٹرز ملنا ہی مشکل ہوگئیہیں، ہم جمہوریت کی پیداوار ہیں اوریو بی جی کے تمام امیدواراکثریت سے 30دسمبر کا الیکشن جیت کر دوبارہ فیڈریشن میں لوٹ مارکرنے کے خواشمندوں کو ان کے گھر بھیج دیں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ملتان کے دورے کے موقع پر ملتان و یمن چیمبر آف کامرس کے ظہرانے ،پاک کراپ پروٹیکشن ایسوسی ایشن( پی سی پی ای) کے عصرانے اورایف پی سی سی آئی کے سابق صدر تنویراحمدشیخ کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کیا۔ تقاریب سے تنویراحمدشیخ،صدارتی امیدوارزبیرطفیل، ایس ایم نصیر،سینئرنائب صدر کے امیدوار عامر عطاباجوہ،یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروز،نائب صدارت کے امیدوارعطاالرحمان،منظورملک، حمیداخترچڈھا اور معصومہ سبطین ،مسز فرخ مختار،مس نسیم رحیم، مس ثمینہ ،جلال الدین رومی،مریم چوہدری،رضوانہ شاہد،رئوف الرحمان اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ خواجہ عبدالغفور،رئوف مختار،خواجہ الیاس،شکیل احمدڈھینگڑا،ممبر قومی اسمبلی چوہدری افتخار نذیر،وسیم،خواجہ الیاس،سہیل ملک،محمدعاصم،عزیز الرحمان چن،میاں فاروق،شیخ ناصر،نوراحمدخان،ممتاز شیخ،حاجی اکرم،شہزاد،سلمان اسلم،خواجہ یوسف،خواجہ محمدحسین ، مس روبینہ اور دیگر تاجررہنما مذکورہ تقاریب میں موجودتھے۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیڈریشن الیکشن کے بعد ملتان میں ایف پی سی سی آئی کا رابطہ آفس قائم کیا جائے گا،ہماری ہرممکن یہی کوشش ہے کہ تجارت وصنعت کو درپیش معاملات پر حکومت کے ساتھ بات کریں۔افتخار علی ملک نے کہا کہ خواتین اور نوجوان تاجر یو بی جی کا سرمایہ ہیں اورہم نے انہیں فیڈریشن میں جائز مقام دیا ہے۔ فیڈریشن انتخابات میں یو بی جی کے صدارتی امیدواراور ایف پی سی سی آئی کی ٹیکس لائژن کمیٹی کے چیئرمین زبیرطفیل نے کہاہے کہ ہماری کوششوں کی بدولت وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سیلز ٹیکس ریفنڈ ادا کرنے کا وعدہ پورا کر کے ایکسپورٹرز کا ایک دیرینہ مسئلہ حل کر دیا ہے اور وزیر خزانہ نے بقیہ ری فنڈ بھی 31دسمبر تک ادا کرنے کی یقین دلایاہے جبکہ ری فنڈز کی ٹرانسفرآئندہ صرف الیکٹرونکس نظام سے ہی ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی کسی عہدے کے بغیر بزنس کمیونٹی کی خدمت کرتے تھے اور بزنس کمیونٹی کی جانب سے الیکشن میں مینڈیٹ ملنے کے بعد اسی رفتار سے خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔زبیرطفیل نے کہا کہ صنعت کے ساتھ ساتھ زراعت کے شعبے کو بھی اہمیت دی جائے کیونکہ زرعی سیکٹر ملکی اکنامی میں نمایاں حصہ رکھتا ہے،ہم زرعی شعبے کی مزید ترقی کیلئے حکومت سے بات کریں گے۔

یو بی جی پنجاب کے چیئرمین ایس ایم نصیر نے کہا کہ کہ فیڈریشن کو یونائٹیڈ بزنس گروپ کی قیادت اور فیڈریشن کے عہدیداروں نے پاک وصاف کردیا ہے اور اب پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی چہرے بدل کراسے دوبارہ بدنماکرنے کی سازش کرنے والوں کے عزائم خاک میں ملادے گی۔گلزار فیروز نے کہا کہ مخالف گروپ کا امیدوار اپنی واضح شکست دیکھ کر ڈی جی ٹی او کے دفتر میں جاکر واویلا مچارہا ہے حالانکہ مخالف گروپ کو ماسوائے لاہور کے پورے پنجاب میں کوئی امیدواردستیاب ہی نہیں ہے اور نہ ہی انکے پاس ووٹرز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسال پہلے تک فیڈریشن میں لوٹ مارکرنے والے اب دوبارہ بلوںسے نکل رہے ہیں لیکن اس بار انہیں عبرتناک شکست سے دوچار ہوناپڑے گا کیونکہ بزنس کمیونٹی یو بی جی کے ساتھ ہے۔ سینئرنائب صدر کے امیدوار عامرعطا باجوہ نے کہا کہ الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے ہماری اولین ترجیح ملک میں نئی صنعتوں کے جال بچھانے پر ہوگی تاکہ نوجوانوں کو روزگا رمل سکے اور حکومت کو بھی زائد ٹیکس مل سکے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے پانچوں ڈویژن میں چیمبرز اور ایسوسی ایشنز میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کو اکثریت حاصل ہے اور30دسمبر کو یوبی جی کے سامنے مخالف امیدوار اپنے گھروں تک محدود ہوجائیں گے۔

متعلقہ عنوان :