زرعی یونیورسٹی اور ڈلہوزی یونیورسٹی کینیڈانے مشترکہ ڈگری پروگرام کاباقاعدہ آغاز کر دیا

منگل 6 دسمبر 2016 23:16

فیصل آباد۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور ڈلہوزی یونیورسٹی کینیڈانے چار سالہ مشترکہ ڈگری پروگرام کاباقاعدہ آغاز کر دیاہے جس میں انٹرمیڈیٹ پری ایگریکلچرپاس کرنیوالے طلباء و طالبات کو چار سالہ بی ایس پلانٹ سائنسز کے مشترکہ ڈگری پروگرام میں داخلہ دیا جائے گا۔چار سالہ بی ایس پلانٹ سائنسز میں داخل ہونے والے ایسے طلباء و طالبات جو ابتدائی دو سالوں میں 3.00سی جی پی اے کے ساتھ کامیابی حاصل کریں گے وہ ڈگری کے بقیہ دو سال ڈلہوزی یونیورسٹی کینیڈا میں داخلہ کے اہل ہونگے۔

اس حوالے سے طلباء وطالبات کیلئے ایک تعارفی تقریب یونیورسٹی کے نیو سینٹ ہال میں منعقد ہوئی جس میں ڈلہوزی یونیورسٹی کینیڈا کے اسسٹنٹ ڈین انٹرنیشنلائزیشن ڈاکٹر کرسٹوفرکٹلر‘پروفیسرڈاکٹر قمر زمان اور فوکل پرسن ڈاکٹر ظہیر احمد نے شرکاء کو ڈگری پروگرام کے مختلف پہلوئوں سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے اپنے خطاب میں کہا کہ زرعی یونیورسٹی دنیا کے مختلف ممالک خصوصاً امریکہ‘ کینیڈا اور چین کی جامعات کے ساتھ اپنی نیٹ ورکنگ میں توسیع لاتے ہوئے مشترکہ پروگرام متعارف کروا رہی ہے جس کے ذریعے نوجوانو ں کو ترقی یافتہ ممالک کی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے طلباء وطالبات پر زور دیاکہ وہ دنیا کی نامور جامعات کے ساتھ مشترکہ ڈگری پروگرام کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات و مشاہدات سے جانکاری کے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں تاکہ پیشہ وارانہ اُمور میں کامیابیوں کیلئے وہ خود کو دوسرے لوگوں سے ممتا ز کر سکیں۔ ڈلہوزی یونیورسٹی کینڈا کے پروفیسرڈاکٹر قمر زمان نے کہا کہ کینیڈا میں 90سرکاری جامعات میں دنیا کے 110ممالک کے نوجوان زیرتعلیم ہیں جن کی وجہ سے وہاں پڑھنے والوں کو دنیا بھر کے کلچراور رہن سہن سے متعارف ہونے کا موقع ملے گا۔

ڈلہوزی یونیورسٹی میں انٹرنیشنلائزیشن پروگرام کے اسسٹنٹ ڈین ڈاکٹر کرسٹوفرکٹلر نے کہا کہ کینیڈا میں عالمی رینکنگ کی حامل دنیا جانی مانی جامعات کوالٹی ایجوکیشن فراہم کر رہی ہیں جن کے ذریعے باصلاحیت نوجوان سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کینیڈا ایک کروڑ مربع کلومیٹر رقبے کے ساتھ دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے اور 1818 ء میں قائم ہونیوالی ڈلہوزی یونیورسٹی میں دنیا کے تمام ممالک سے 18ہزار سے زائد نوجوان زیرتعلیم ہیں۔