نوجوان وکلاء مطالعہ ،محنت اور ایمانداری کو اپنا شعور بنائیں،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید پرویز علی شاہ

منگل 6 دسمبر 2016 23:16

خانیوال۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید پرویز علی شاہ نے کہا ہے کہ نوجوان وکلاء مطالعہ ،محنت اور ایمانداری کو اپنا شعور بنائیں گے تو کامیابی قدم قدم ان سے ہم رکاب ہوگی۔ وہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ بار کے زیراہتمام خانیوال میں تعینات ہونے والے چار نئے سول ججوں ریحان سبطین،محمدحارث منیر، فرح نور، وسیم حسن ،اور بار کی نئی ممبر شپ حاصل کرنے والے وکلاء کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کررہے تھے ،اس موقع پر صدر بار چوہدری سعید اختر ،سیکرٹری بار چوہدری شاہد اقبال ،ایڈیشنل سیشن جج اعجاز الرحمن بیگ، رانا سہیل ،رانا طارق، سینئر سول جج طاہر اسلم، سول ججز سبطین ،مسز فرح، قمر عباس، وسیم عباس، میڈم بشریٰ ،نادیہ مشہود اور دیگر ججوں کے علاوہ بڑی تعداد میں وکلاء موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید پرویز علی شاہ نے مزید کہا کہ ہم انصاف کے تقاضے اس صورت پورے کرسکتے ہیں کہ جب وکیل اور جج دونوں اپنی اپنی پوری تیاری کرکے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد وکلاء،ججوں اور مقدمات کی بڑھتی ہوئی تعداد اس امر کی غماز ہے کہ انصاف ہورہا ہے اور لوگوں کو مل رہا ہے تاہم اس میں بینچ اور بار مل کر مذید بہتری لاسکتے ہیں۔

صدر بار چوہدری سعید احتر نے کہا کہ خانیوال بار شاندار روایات کی امین ہے وہ اپنے آنے والے معزز وکلاء اور ججوں کو ہمیشہ خوش آمد ید کہتی ہے۔ تقریب سے چوہدری شاہد اقبال ،پیر احمد شاہ کھگہ، چوہدری عباس احمد،سید ضیاء حیدر زیدی ،حامد مسعود،چوہدری ہارون ،جاوید اقبال ،امجد بھٹی، مدبر بھٹی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر بار کے رکن سید آصف باٹی کی ریونیو قوانین پر کتاب آنے اور پروفیسر شیخ محمدیوسف اور رانا محمدجاوید کی قانون کی تعلیم کے لئے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا اس موقع پر نئے آنے والے ججوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے جبکہ نئے ممبران کو اعزازی شیلڈ ز دی گئی ۔