ملتان،بجلی چوری میں ملوث نادہندہ افراد کا میپکو کی ریکوری ٹیم پر حملہ،5ملازمین زخمی،2کی حالت تشویشناک

منگل 6 دسمبر 2016 23:16

ملتان۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) بجلی چوری میں ملوث نادہندہ افراد نے میپکو کی ریکوری ٹیم پر حملہ کرکے 5ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا،2ملازمین کی حالت تشویشناک ہے۔ تفصیل کے مطابق میپکو خانیوال سیکنڈسب ڈویژن کی ریکوری ٹیم چک نمبر 169/10-Rمیں نادہندہ صارف رانا ارشد کا 50کے وی اے کا ٹرانسفارمر اتارنے گئی ۔ صارف کے نام سے 2کنکشن چل رہے تھے اور وہ ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کررہاتھا ۔

(جاری ہے)

ٹیم موقع پر پہنچی اور ٹرانسفارمر اتارنے کی کوشش کی تو راناارشدکے آدمیوں نے ٹیم پر حملہ کردیا اور انہیں بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا ۔ خانیوال سیکنڈسب ڈویژن کے 5ملازمین لائن سپرنٹنڈنٹ فرسٹ نویدعالم ، لائن سپرنٹنڈنٹ سیکنڈ لیاقت منظور ، لائن مین فرسٹ محمد اشفاق،لائن مین فرسٹ محمد اشرف اور اسسٹنٹ لائن مین عبدالاحد زخمی ہوگئے ان میں سے دونوں لائن سپرنٹنڈنٹس نوید عالم اور لیاقت منظور کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ رانا ارشد اکائونٹ نمبر 29-15912-1270600 کے ذمہ 14 لاکھ 53ہزار290روپے کے واجبات ہیںجبکہ دوسرے اکائونٹ نمبر 29-15912-1270700کے ذمہ 14لاکھ 83ہزار646روپے کے واجبات ہیں ۔ میپکو ملازمین پر تشدد کے خلاف اندراج مقدمہ کے لئے درخواست پولیس سٹیشن بھجوادی ہے ۔

متعلقہ عنوان :