اراکین اسمبلی کی گرانٹ سے جاری منصوبوں کو جلد مکمل کیاجائے،عابدشیرعلی کی میپکوانتظامیہ کوہدایت

منگل 6 دسمبر 2016 23:11

ملتان۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے میپکو انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ اراکین اسمبلی کی گرانٹ سے جاری منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کیاجائے اور ترقیاتی کاموں کے مراحل کے بارے میں اراکین کو باخبر رکھاجائے ۔ وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی سے خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ میپکو ریجن میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں ۔ گرڈسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن، فیڈرز کی بائفرکیشن اور لوٹینشن سکیموں کے منصوبوں کے لئے اربوں روپے کے فنڈز دئیے گئے ہیں ۔ مکمل ہونے والے منصوبوں سے جنوبی پنجاب کے بیشتر کم وولٹیج والے علاقوں میں وولٹیج کی صورتحال بہترہوگئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے 13اضلاع میں ممبران قومی اسمبلی کی فنڈنگ سے لوٹینشن سکیموں ، ٹرانسفارمرز کی اپ گریڈیشن پر کام ہورہا ہے ۔

ملتان شہر کے تین گرڈاسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کی گئی ہے جس سے تمام کیٹیگریز کے صارفین کو بہتروولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی ممکن ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر قابل برداشت نہیں ۔متعلقہ شعبے جاری منصوبے کی تکمیل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں تاکہ آئندہ موسم گرما میں صارفین کو مشکلات کا سامنا نہ کرناپڑے ۔

افسران ممبران قومی اسمبلی سے رابطے میں رہیں اور انہیں مسائل سے آگاہ کریں ۔ ڈیڈڈیفالٹرز سے واجبات وصول کرنے کے لئے ان کی مدد لیں ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مسعود صلاح الدین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ میپکو ریجن میں ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرلیں گے ۔ صارفین کی شکایات کے ازالے کے لئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔

رواں مالی سال 2016-17؁ء میں 10ارب روپے سے زائد لاگت سے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوں گے ۔ نئے فیڈرز کی تعمیر وتنصیب، زیادہ لوڈوالے فیڈرز کی نئے فیڈرزمیں تقسیم، لوٹینشن سکیموں اور ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے جبکہ ریجن میں 40گرڈاسٹیشنوں میں پہلے سے موجود پاورٹرانسفارمرز کی جگہ اس سے زیادہ استعدادکے حامل پاورٹرانسفارمرز نصب کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ رواں مالی سال 2016-17؁ء کے دوران ریکوری کی شرح 100فیصد سے زائد رہی ہے جبکہ لائن لاسز کی شرح میں بھی 0.3فیصد کمی کی گئی ہے ۔ 2لاکھ9ہزار سے زائد بجلی چوروں کو 53کروڑروپے جرمانہ عائد کیاگیاہے جس میں سے 30کروڑروپے سے زائد رقم وصول بھی کی گئی ہے ۔ ملتان ، خانیوال، رحیم یار خان، ساہیوال سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی نے اس موقع پر کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام ہورہاہے لیکن ان کی رفتار کم ہے ، ہم عوامی نمائندے ہیں ۔

میپکو افسران متعلقہ علاقوں میں کام کرواتے ہوئے ہمیں بتائیں تاکہ ہم اپنے علاقے کے لوگوں کو آگاہ کریں کہ ان کے علاقے میں اتنے بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو مسعود صلاح الدین ایک قابل افسر ہیں، انہوں نے چارج سنبھالتے ہی اپنی تمام ترتوجہ مسائل کے حل پر مرکوز کررکھی ہے، ان کی کارکردگی قابل تعریف ہے ۔

اگر میپکو اس طرح کام کرتی رہے تو مسائل پیداہی نہ ہوں ۔ایم این اے غفار ڈوگر نے مخدوم رشید سب ڈویژن کا دفتر مخدوم رشید میں منتقل کرنے، جہانیاں، کبیروالہ اور خانیوال میں ایک نئی سب ڈویژن کے قیام کا مطالبہ کیا جس پر وزیر مملکت نے فوری طورپر ایک کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی جو نئے سب ڈویژن کے قیام اور مخدوم رشید سب ڈویژن کے دفتر کی منتقلی کے بارے میں رپورٹ مرتب کرے گی ۔

ایم این اے رانا قاسم نون کے صاحبزادے نے شجاع آباد، جلال پور پیروالہ میںسٹاف کی کمی ، ہائی لاس فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کے ہونے، ایم این اے ڈی جی خان حافظ عبدالکریم نے سخی سرور میں ہائی لاس فیڈرز پر زیادہ لوڈشیڈنگ ہونے اور بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کرنے، ایم این اے ثقلین بخاری ، رانا زاہد حسین، میاں امتیازاحمد، چوہدری منیر اظہر، چوہدری محمد اشرف، علی حسن گیلانی اور صاحبزادہ فیض الحسن نے اپنے اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا جن کے حل کے لئے وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی نے چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو مسعود صلاح الدین کو فوری طورپر مسائل کے حل کے لئے ہدایات جاری کیں ۔

متعلقہ عنوان :