ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد نے آن لائن ویری فکیشن چالان فارم و آن لائن بلنگ سسٹم بھی اًپ لوڈ کر دیا

منگل 6 دسمبر 2016 23:11

فیصل آباد۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ کی خصوصی ہدایت پرایجوکیشن بورڈ فیصل آباد نے دور جدید کے نئے تقاضوں کے ہم آہنگ آن لائن ویری فکیشن چالان فارم و آن لائن بلنگ سسٹم بھی اًپ لوڈ کر دیا۔ گزشتہ روز نئے سافٹ ویئرز کی افتتاحی تقریب میٹنگ روم میں زیرصدارت چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کنٹرولر میٹرک سعید احمد اعوان‘ اسسٹنٹ کنٹرولر انٹر رانا لیاقت علی خاں‘ سسٹم اینالسٹ محمد طارق اور سپرنٹنڈنٹ بجٹ برانچ سردار احمد زاہد سمیت دیگر متعلقہ افسران و اہلکاران شریک ہوئے۔

افتتاح کے موقع پر چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ نے تمام آئی ٹی سٹاف کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب میں بورڈ میں آیا تو میرے ذہن میں طلباء وطالبات و لوگوں کو بہترین و برق رفتار سہولیات کی فراہمی کیلئے بہت سے منصوبے تھے جس پر مرحلہ وار کام ہوتا رہا اور آج الحمد اللہ ہم اس قابل ہو گئے ہیں کہ دیگر ادارے ہمارے منصوبوں کو اپنے اداروں میں نافذ کرنے کیلئے ہم سے رجوع کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے مقرر کردہ اہداف کو اللہ کی توفیق سے ہم نے بہت پہلے ہی چُھو لیا تھا مگر اب دیگر منصوبوں کی تکمیل سے لوگوں کو مزید آسانیاں فراہم کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سسٹم اینالسٹ محمد طارق‘ پروگرامرز محمد ابرار‘ رضاء المصطفیٰ اور محمد عاطف نے ملٹی میڈیا پروجیکٹر کی مدد سے شرکاء کو آن لائن ویری فکیشن چالان فارم و آن لائن بلنگ سسٹم بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اب جیسے ہی بجٹ سیکشن کسی کا چالان نمبر فیڈ کرے گا تو اس کا پورا ڈیٹا بورڈ کی تمام برانچز سے منسلک ہو جائے گا جس کی مدد سے وہ اپنی برانچ میں ہی چالان فارم کی تصدیق کر لیں گے۔

قبل ازیں بیرون ملک کی تصدیق کیلئے پہلے ڈاک مختلف برانچوں میں گھوم کر ریکارڈ برانچ تک پہنچتی تھی جس کی وجہ سے لوگوں کے کام میں کچھ تاخیر ہو رہی تھی مگر اب ڈائریکٹ ریکارڈ ‘ رجسٹریشن یا دیگر متعلقہ برانچز میں ڈاک جائے گی اور وہ اپنی برانچ میں ہی آن لائن چالان فارم کی تصدیق کر کے فوری ویری فکیشن یا دیگر کام مکمل کر دیں گے۔ اسی طرح آن لائن بلنگ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین بورڈ کو بتایا گیا کہ اس سسٹم میں تمام امتحانی عملہ کاڈیوٹی سے لے کر معاوضوں کی ادائیگی تک کا تمام تر ریکارڈ جمع ہو گا جسے بوقت ضرورت اس کا آئی ڈی نمبر دے کر فوری طور پر آسانی سے چیک کیا جا سکے گا ۔

چیئرمین بورڈ نے کہا کہ موجودہ زمانہ آئی ٹی کا ہے جس میں دلچسپی لینے والے ہی آگے بڑھیں گے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ نہ صرف اس جدید سسٹم کو فوری طورپر لانچ کیا جائے بلکہ اس کی ٹریننگ حاصل کرنے سے بھی کوئی ملازم ہرگز پیچھے نہ رہے ۔

متعلقہ عنوان :