نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ تمام مسلمانوں کے مشعل راہ ہے ،ڈی سی او

منگل 6 دسمبر 2016 23:05

خانیوال۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء)نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ تمام مسلمانوں کے مشعل راہ ہے ،ماہ ربیع الاول میں قیام امن کو ہر صورت یقینی بنایاجائے گا،جشن عید میلا د النبی ﷺ کے جلوسوں کے روٹس اور جلسہ گاہوں کے مقامات پر صحت وصفائی کے خصوصی اور سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے،ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن آفیسر خانیوال زید بن مقصود نے اپنے آفس میں مولانا محمد ابراہیم سعیدی کی قیادت اہل سنت اتحاد کونسل کبیروالاکے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوسوں اور محافل میلاد ونعت کے لئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ،اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

جلوسوں کے راستوں میں قائم تجاوزات کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں،جلوس انتظامیہ،اپنے رضاکاران کے ذریعے جلوسوں میں آنیوالوں کی سیکورٹی خدشات کے پیش نظر جامہ تلاشی کو یقینی بنانے میں انتظامیہ کے مکمل تعاون کریں گے ۔

اس موقع پر اہل سنت اتحاد کونسل کبیروالا کے وفد نے ڈی سی او خانیوال کو کبیروالا شہر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس اور جلسوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا ،جس پر ڈی سی او خانیوال نے وفد کو یقین دلایا کہ انتظامیہ سیکورٹی ،صحت وصفائی سمیت تمام مسائل کے حل کے لئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔اہل سنت اتحاد کونسل کے وفد میں مولانا محمد ابراہیم سعیدی ،رانا شکیل احمد ،رائو عطاء اللہ نورانی ،دیوان عاطف علی ڈھڈی ،رائو جاوید اقبال اور چوہدری محمد یٰسین کمبوہ اور حفیظ سعیدی شامل تھے۔