گجوخان میڈیکل کالج صوابی میں طلبہ و طالبات کے داخلوں کے لئے اشتہار دینے کا فیصلہ

منگل 6 دسمبر 2016 22:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصرکی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں گجوخان میڈیکل کالج صوابی میں طلبہ و طالبات کے داخلوں کے لئے اشتہار دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔سپیکر اسدقیصر کی زیر صدارت صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں وزیرصحت شہرام خان ترکئی ، سیکرٹری صحت عابد مجید ، پرنسپل گجوخان میڈیکل کالج صوابی، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل ، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ اور چیف پلاننگ آفیسر صحت کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس میں پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں گجوخان میڈیکل کالج صوابی میں طلبہ و طالبات کے داخلوں کا عمل شروع کرنے کے لئے جلد از جلد اخبارات میں اشتہار دینے کا فیصلہ کیا گیا اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈاکٹروں کے لئے ترغیبی پیکج کی منظوری ہوچکی ہے لہٰذا اس ضمن میں فنڈز جلد ریلیز کریئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت نے استفسار پر بتایا کہ گجوخان میڈیکل کالج کے لئے بائیومیڈیکل ایکوپمنٹ کی خریداری کے لئے 994 ملین روپے مالیت کے فنڈز کی ادائیگی کے لئے سمری گئی ہوئی ہے جونہی اس کی منظوری آئے گی مذکورہ ایکوپمنٹ کی خریداری کے لئے فنڈز ریلیز کردیئے جائیں گے۔

سپیکر نے محکمہ صحت کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ کالج کے ٹیچنگ اسٹاف کے لئے ہیلتھ پروفیشنل الائونس کے اجراء کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں ۔ سپیکر نے اس موقع پر کہا کہ گجوخان میڈیکل کالج میں داخلوں کا عمل شروع ہونے سے علاقہ کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ میرے لئے وہ ساعت انتہائی قابل اطمینان اور پر مسرت ہوگی جب مذکورہ کالج میں داخلوں کا عمل شروع ہوکر باقاعدہ کلاسوں کا اجراء کیا جائے گا۔

سپیکر نے کہا کہ صوابی کے طلبہ کو میڈیکل کی تعلیم ان کی دہلیز پر فراہم کرکے میرا اور علاقے کی عوام کا ایک دیرینہ خواب پورا ہوگیا انہوں نے مذکورہ کالج کے لئے آلات کی خریداری کے لئے خطیر رقم کی فراہمی کے لئے سمری تیار کرنے پر سیکرٹری صحت اور سیکرٹری خزانہ کے کردار کو سراہا۔