صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں کھیلوں کے میدان آباد کر دئیے ہیں ،مشتاق غنی

ضلعی سطح پر سپورٹس کمپلیکس اور تحصیل کی سطح پر سپورٹس گرائونڈ تعمیر کئے جا رہے ہیں،،ترجمان خیبرپختونخواحکومت

منگل 6 دسمبر 2016 22:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں کھیلوں کے میدان آباد کر دئیے ہیں ضلعی سطح پر سپورٹس کمپلیکس اور تحصیل کی سطح پر سپورٹس گرائونڈ تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یونیورسٹی آف صوابی میں چالیسویں آل پاکستان انٹر یونیورسٹی ہینڈ بال چیمپین شپ کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی موجودہ اتحادی حکومت صوبہ میں کھیلوںکے فروغ کے لئے مخلصانہ اور سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے جس کی مثال صوبہ بھر میں کھیل کی سرگرمیوں کا شروع ہونا ہے اور ملک بھر سے نوجوان خیبر پختونخوا میںان سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ کی اعلیٰ جامعات اور کالجز کے ساتھ ساتھ سرکاری سکولوں میں بھی سپورٹس کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ہمارے بچے مثالی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں جن کی تعلیم و تربیت صوبائی حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہے اور اس حقیقت کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں کے لئے یوتھ پالیسی تشکیل دی گئی ہے جس سے نوجوان طبقہ کو ایک پلیٹ فارم میسر ہوا ہے جہاں وہ اپنی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کا حصہ بن سکتے ہیں۔مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت کا میگا پراجیکٹ انسانی وسائل پر خرچ کرنا ہے اور ہم نے برسر اقتدار آتے ہی اپنی بنیادی ترجیحات پر کام شروع کیا تاکہ صوبہ کے نوجوانوں کو ایسے مواقع فراہم کئے جائیں جہاں ان کا مستقبل روشن اور محفوظ ہو۔

انہوں نے یونیورسٹی آف صوابی کی وائس چانسلر کو ٹورنامنٹ کے ا ٓغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے ایک احسن اقدام قرار دیا۔