سیاست سے بالاتر ہوکر شہریوں کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، میئر کراچی وسیم اختر

کراچی کے شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات کیلئے واٹربورڈ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے ،ہر ناجائز کام کی مخالفت کی جائے گی

منگل 6 دسمبر 2016 22:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ہم سیاست سے بلاتر ہوکر شہریوں کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، کراچی کے شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات کیلئے واٹربورڈ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے ،ہر ناجائز کام کی مخالفت کی جائے گی ،سندھ حکومت خصوصاً وزیراعلیٰ سندھ منتخب نمائندوں سے تعاون کررہے ہیں ،وہ شہر کو صاف دیکھنا چاہتے ہیں ،ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید کی جانب سے شہری مسائل کے حل کے لئے منتخب نمائندوں سے تعاون کی یقین دہانی ،صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ جام خان شورو کی جانب سے مئیر کراچی اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کے چئیرمین و وائس چیئرمینوں کو اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی گئی ،تفصیلات کے مطابق میئرکراچی وسیم اختر ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کے چیئرمین و وائس چیئرمین کے ساتھ منگل کی دوپہر میئر منتخب ہونے کے بعد پہلی بار واٹربورڈ پہنچے، انہوں نے واٹربورڈ کے اعلیٰ حکام کے اجلاس کی صدارت اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کی،اس موقع پر ان کے ساتھ ضلع وسطی، شرقی ،کورنگی اور جنوبی کے چیئرمین ریحان ہاشمی ،معید انور ، اظہا ر احمد ، سید نئیر رضا اور شاکر ،کے ایم سی کے سینئرڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم ،واٹربورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ز مشکورالحسنین ، فہیم اختر زیدی ، محمد اسلم خان ،پروجیکٹ ڈائریکٹر کے فور سلیم صدیقی ، پروجیکٹ ڈائریکٹر 65ایم جی ڈی سکندر علی زرداری ، پی ڈی سی پی ایس حسن اعجاز کاظمی پی ڈی ایس تھری امتیاز مگسی ،چیف انجینئر اسد اللہ خان ،محمد اعظم ،تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور دیگر حکام موجود تھے میئر کراچی نے مزید کہا کہ واٹربورڈ کے افسران منتخب بلدیاتی نمائندوں سے تعاون کریں شہریوں کو پانی و سیوریج کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے متحرک ہوجائیں انہوں نے کہا کہ ہم بلاامتیاز کراچی کے ہر علاقے کے بلدیاتی مسائل حل کریں گے ، ہماری 100دن کی مہم سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہے ہم بلاامتیاز تمام شہریوں کی خدمت کرنا چاہتے ہیں ،کے ایم سی ڈی ایم سیز اور واٹربورڈ مل کر کام کریں گے ہر ضلع میں کام ہوگا ،ہماری کارکردگی رنگ لائے گی کراچی ہم سب کا شہر ہے اس کی بہتری اور ترقی کیلئے بھی ہم سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا ، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت خصوصاً وزیر اعلیٰ سندھ کراچی کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور تعاون کررہے ہیں ،صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ کے ساتھ مل کر ہم پانی کی فراہمی و نکاسی آب کے مسائل سمیت دیگر شکایات کا خاتمہ کردیں گے ، انہوں نے کہا کہ بہت وقت ضائع ہوچکا ہے ہم سب کو اپنی پچھلی باتوں کو فراموش کرکے آگے بڑنا چاہیئے ، انہوں نے ایم ڈی واٹربورڈ سے کہا کہ پانی کی منصفانہ فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات کیلئے مختلف ڈی ایم سیز سے موثر رابطے کے لئے فوکل پرسن نامزد کئے جائیں ،انہوں نے کہا کہ ہم اگر مل کر کام کریں گے تو اس سے ایک جانب شہریوں کے مسائل حل ہوں گے تو دوسری جانب سندھ حکومت کو بھی ریلیف ملے گا ،انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ واٹربورڈ کے مسائل حل کئے جائیں ،انہوں نے کہا کہ شہر سے غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور ناجائز کنکشنز کا خاتمہ ہونا چاہئے ،اگر لائنوں کے ذریعے پانی کی فراہمی کے بجائے شہری ٹینکرز خریدنے پر مجبور ہوئے تو ہم اس عمل کی مذمت کریں گے ،دریںاثناء ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے میڈیا سے بات چیت اور افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی ،اگر کسی علاقہ میں والوومین بے لگام ہے تو اس کو درست کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت خصوصاً صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈکی ہدایت ہے کہ منتخب نمائندوں سے بھرپور تعاون کیا جائے ان کی جانب سے کی جانے والی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر خاتمہ کیا جائے ،وزیر بلدیات کی ہدایات ہے کہ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنوں سے موثر اور فوری رابطہ کے لئے واٹربورڈ کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز آج سے ہی اپنے اکاؤنٹنٹ اور دیگر عملے کے ساتھ ڈی ایم سیز کے دفاتر میں بیٹھیں ، انہوں نے کہا کہ واٹربورڈ میں کمیشن مافیا یا بدعنوان عناصر کی کوئی گنجائش نہیں ہے ، منتخب بلدیاتی نمائندے شہریوں کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں ،یہ ہمیں شہریوں کے مسائل کے حل اور شکایات کے ازالے کے لئے دن و رات کے کسی بھی پہر کہیں بھی بلائیں گے ہم وہاں پہنچیں گے ،انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور ناجائز کنکشنز کے خلاف واٹربورڈ کی جاری مہم کو مزید تیز کیا جائے گا ،قبل ازیں میئر کراچی کی آمد پر ایم ڈی واٹربورڈ نے ان کا استقبال کیا اور وزیربلدیات سندھ کی جانب سے انہیں اجرک کا تحفہ دیا اور روایتی سندھ ٹوپی پہنائی انہوں نے مئیر کراچی کو واٹربورڈ کا نشان بھی پیش کیا ،جبکہ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز نے ڈی ایم سیز کے چیئرمینو ں کو سندھی ٹوپی اور اجرک پہنائی ۔

متعلقہ عنوان :