تھائی لینڈ میں گرفتار سانحہ بلدیہ فیکٹری کے ماسٹر مائنڈ بھولا کوتحویل میں لینے ایف آئی اے اور کراچی پولیس کی مشترکہ ٹیم (آج ) بیرون ملک روانہ ہو گی

ایف آئی اے کے دو افسروں کو پولیس کی معاونت کے لئے مامور کردیا ، ملزم کو آئندہ ایک سے دو روز تک پاکستان لایا جائے گا

منگل 6 دسمبر 2016 22:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 دسمبر2016ء) تھائی لینڈ کے دار الحکومت بنکاک میں گرفتار سانحہ بلدیہ فیکٹری کے ماسٹر مائنڈ عبد الرحمن عرف بھولا کی حوالگی کے لئے ایف آئی اے اور کراچی پولیس کی مشترکہ ٹیم (آج )بدھ کو بیرون ملک روانہ ہو گی ، ڈی جی ایف آئی اے نے ایف آئی اے کراچی کے دو افسروں کو پولیس کی معاونت کے لئے مامور کردیا ، ملزم کو آئندہ ایک سے دو روز تک پاکستان لایا جائے گا۔

منگل کوایف آئی اے ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے ڈی جی ایف آئی اے محمد املیش کی سفارش پر سانحہ بلدیہ فیکٹری کے ماسٹر مائنڈ عبد الرحمن عرف بھولا کو تھائی لینڈ سے پاکستان لانے کے لئے ایف آئی اے کے دو افسروں کوپولیس کی معاونت کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی ہے جو افسر بیرون ملک جائیں گے ان میں ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر بدر الدین بلوچ اور انسپکٹررحمت اللہ ڈھومکی شامل ہیں، ایف آئی اے افسروں کے ساتھ کراچی کے مقامی تھانے کی پولیس ٹیم بھی جائے گی جو ملزم کو بنکاک پولیس سے اپنی تحویل میں لے کر پاکستان لائے گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کراچی پولیس اور ایف آئی اے افسروں پر مشتمل ٹیم (آج )بدھ کو کراچی سے تھائی لینڈ روانہ ہوجائے گی اور آئندہ ایک سے دو روز تک ملزم کو پاکستان لایا جائے گا ۔ واضح رہے کہ ملزم عبد الرحمن عرف بھولا کوحکومت پاکستان کی درخوست پر جمعرات کو انٹرپول نے بنکا ک کے ایک ہوٹل سے گرفتار کرکے مقامی پولیس کے حوالے کیا تھا ۔