مختلف اداروں کے مابین باہمی رابطہ اور مل کر کام کرنے کی صورت میں شہر کے مسائل جلد حل ہونگے، حکومت کو بھی ریلیف ملے گا،میئر کراچی وسیم اختر

منگل 6 دسمبر 2016 20:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ مختلف اداروں کے مابین باہمی رابطہ اور مل کر کام کرنے کی صورت میں شہر کے مسائل جلد حل ہوں گے اور حکومت کو بھی ریلیف ملے گا ، وزیراعلیٰ سندھ کی واضح ہدایت ہے کہ شہر کی بہتری اور اس کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ادارہ اور آفیسر ہمارا ساتھ دے، بالخصوص سیوریج اور پانی کے مسائل کے حوالے سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا پورا عملہ ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا ، واٹر بورڈ کو بھی وسائل کی کمی کا سامنا ہے ہماری حکومت سے درخواست ہے کہ وہ اداروں کو مضبوط بنانے کے لئے ہم سے تعاون کریں اگر منتخب بلدیاتی نمائندے مضبوط ہوں گے تو ایک عمدہ ٹیم کے ساتھ بہتر انداز میں شہر کے مسائل کے لئے آگے بڑھ سکیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی سہ پہر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مرکزی دفتر کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میونسپل کمشنر ڈاکٹر بدر جمیل، منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ مصباح الدین فرید، اظہار احمد خان، ضلعی میونسپل کارپوریشن شرقی کے چیئرمین معید انور، کورنگی کے چیئرمین نیئر رضا اور وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی وسیم اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی واٹر ہائیڈرینٹ کا بڑا مسئلہ ہے یہ اب نظر نہیں آنا چاہئیں انہوں نے کہا کہ ہم شہر کی ترقی کے لئے مختص فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنائیں گے، میں جلد ہی K-4 منصوبے سمیت دیگر منصوبوں سے متعلق بریفنگ لوں گا یہ منصوبہ کراچی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اسے جلد از جلد مکمل ہونا چاہئے، ہم سب کراچی کی ترقی کے خواہاں ہیں اور اس شہر کے مسائل حل کرنے کے لئے ایک پیج پر ہیں، انہوں نے کہا کہ ضلع جنوبی کے علاقے باکڑا ہوٹل کے اطراف سیوریج کا رسائو ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے جسے حل کرنے کے لئے ہم فوری طور پر اپنی کوششوں کا آغاز کررہے ہیں، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ بھی ہمارے ساتھ مل کر کام کرنے کا جذبہ رکھتا ہے ہمیں اس شہر کے مسائل بالکل اسی طرح حل کرنے ہوں گے جس طرح ہم اپنے گھر کے مسائل حل کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی کھنڈر بن چکا ہے لہٰذا اس شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لئے اسے ہم سب کو اون کرنا ہوگا اور اسے اپنا سمجھ کر کام کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ کراچی کی بہتری جہاں نظر آئے گی میں وہاں کھڑا ہوں گا انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس تجربہ کار افراد کی ٹیم ہے جو اس شہر کے مسائل کو اچھی طرح سمجھتی ہے اور ان کے حل کے لئے کوشاں ہے۔

ہم نے اس سے پہلے بھی کام کیا ہے اس بار بھی ہمیں شہر کے مسائل حل کرنے کے لئے جہاد کی طرح کام کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ میں میئر کراچی کی حیثیت سے پہلی بار واٹر بورڈ کے دفتر آیا ہوں اور مجھے یہاں آکر اس لئے خوشی ہوئی ہے کہ یہاں موجود افسران اور عملہ ہمارے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے انہوں نے کہا کہ جس طرح کے ایم سی وسائل کی کمی کا شکار ہے اسی طرح واٹر بورڈ بھی وسائل کی کمی کا شکار ہے میں وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کروں گا کہ وہ واٹر بورڈ کی بھی مدد کریں۔

قبل ازیں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مصباح الدین فرید نے میئر کراچی وسیم اختر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وزیراعلیٰ سندھ کی واضح ہدایت ہے کہ واٹر بورڈ مکمل تعاون فراہم کرے اور میئر کراچی کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرے ۔

متعلقہ عنوان :