محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے زیر اہتمام ذیا بیطس فورم 2016 کا انعقاد

ذیابیطس فورم بیماری کی نشاندہی اور اس کے خلاف اقدامات میں مدد فراہم کرے گا

منگل 6 دسمبر 2016 19:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب کے زیر اہتمام منگل کے روز ایک مقامی ہوٹل میں ذیابیطس فورم 2016 کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کیا اس موقع پر پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر OLE THONKE بھی موجود تھے ۔

خواجہ سلمان رفیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے کے عوام کے صحت کے مسائل حل کرنے اور اُنہیں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں پنجاب ذیا بیطس فورم2016 کلیدی کردار ادا کرے گا اُنہوں نے کہا کہ یہ فورم پبلک اور پرائیویٹ پارٹنر شپ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ یہ فورم بیماری کی نشاندہی ، اعدادو شمار اکٹھا کرنے اور اس کی روک تھام کے لیے لا ئحہ عمل ترتیب دینے میں معاون ثابت ہوگا اُنہوں نے کہا کہ یہ ڈاکٹروں کو ٹریننگ دینے ، عوامی اور پیشہ وارانہ آگاہی کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہوگا ۔

اُنہوں نے کہا کہ ذیابیطیس کی بیماری سے محفوظ رہنے کے لیے روز مرہ کی زندگی میں تبدیلی اور خوراک پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔اِس موقع پر پروفیسر فیصل مسعود اور پروفیسر خدیجہ ، عرفان خواجہ سمیت بہت سے سینئر ڈاکٹرز نے خطاب کیا اور معاملے کی سنجیدگی پر توجہ دلائی ۔ مقررین کا کہا تھا کہ شوگر پاکستان میں تیزی سے بڑھتی ہوئی بیماری ہے اورایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں تقریباً 70 لاکھ لوگ اس بیماری میں مبتلا ہیںاور ماہرین کا کہنا ہے کہ 2035 ء شوگر کے مریضوں کی تعداد دوگنا ہو جائے گی۔

اس موقع پر پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر نے کہا کہ ڈنمارک ذیابیطس کے خلاف تقریباً سو سال سے جنگ لڑ رہا ہے اور ہم اپنا تجربہ پاکستان کے ساتھ شیئر کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز کو تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ وسیع تر عوامی مفاد میں مشترکہ پلیٹ فارم سے کوششیں کرنی چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈنمارک کا سفارتخانہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ذیابیطیس کی بیماری کی روک تھام اور علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے میں متحرک کردار ادا کر رہا ہے ۔

سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم احمد شاہ نے کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر سے بہتر بنانا حکومت پنجاب کی پہلی ترجیح ہے اور حکومت ملک اور صوبے میں بڑھتی ہوئی ذیابیطس کی بیماری کے مسلئے سے پوری طرح آگاہ اور اس کی روک تھام کے لیے ڈنمارک کے سفارتخانے کے تعاون سے اقدامات کیے جا رہے ہیں جس میں بیماری کی روک تھام کے علاوہ بڑے پیمانے پر آگاہی مہم شامل ہے ۔

اس موقع پر نجم احمد شاہ نے پروفیسر فیصل مسعود کو ٹاسک فورس برائے ذیابیطس کا چیئر مین نامزد کرنے کا اعلان کیا ۔افتتاحی تقریب میں وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق کو ایک ایکشن پلان بھی پیش کیا گیا جس میں جنرل پریکٹشنرز ، نرسز اور ہیلتھ پروفیشنلز کی کپسٹی بلڈنگ ٹریننگ اور آگاہی کے بار ے میں منصوبہ بندی شامل ہے ۔