ہسپتالوں کے فضلے سے پلاسٹک دانہ تیار کرنے والی فیکٹری سربمہر

منگل 6 دسمبر 2016 18:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء)محکمہ تحفظ ماحولیات نے ہسپتالوں کے فضلے سے پلاسٹک دانہ تیار کرنے والی فیکٹری کو سربمہر کر دیا۔

(جاری ہے)

محکمہ تحفظ ماحولیات کے چیئرمین شہباز جٹ نے ڈسٹرکٹ آفیسر ماحولیات انجم ریاض کے ہمراہ بند روڈ کھوکھر ٹائون میں محکمانہ کارروائی کی اور ہسپتال کی خون آلود سرنجیں، پائپ، ڈرپیں، دستانوں اور یورن بیگز سمیت دیگر اشیا سے پلاسٹک دانہ تیار کرنے والی فیکٹری کو سیل کرکے فضلے کو تحویل میں لے لیا۔

محکمہ تحفظ ماحولیات کے ڈسٹرکٹ آفیسر انجم ریاض کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں کے ویسٹ سے پلاسٹک دانہ بنایا جاتا ہے جس سے برتنوں سمیت فیڈر، کھلونے اور سڑا تیار کئے جاتے ہیں۔محکمہ تحفظ ماحولیات نے محکمانہ کارروائی عمل میں لاتے ہوئے فیکٹری کو سیل کرنے کے ساتھ ساتھ فیکٹری مالک گل نبی کو گرفتار کرکے اس کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرادی ہے۔