3سوالوں کے جواب نہ دیے گئے تو300سوالوں کے جواب دینا پڑیں گے‘عبدالعلیم خان

عالمی سطح پر سبکی ہوئی ،بہتر ہوتا سرتاج عزیز بھارت جانے کی ضد نہ کرتے ‘شعیب صدیقی

منگل 6 دسمبر 2016 18:53

3سوالوں کے جواب نہ دیے گئے تو300سوالوں کے جواب دینا پڑیں گے‘عبدالعلیم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ جھوٹ آخر کار جھو ٹ ہی ہوتا ہے بہتر ہو گا کہ میاں صاحب اب بھی حقائق کو تسلیم کر لیں اور ڈھٹائی کے ساتھ جھوٹ پر جھوٹ بولنے سے گریز کریں ،اگر 3سوالوں کے جواب نہ دیے گئے تو 300سوالوں کے جواب دینا پڑیں گے ، خیبر سے کراچی تک عوام کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف بیدارہو چکے ہیں عمران خان کی محنت رنگ لائی ہے اور پاناما لیکس کا معاملہ اپنے منطقی انجام کو پہنچنے جا رہا ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز شریف حکومت اپنے اوپر الزامات عائد ہونے کے بعد حکومت میں رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکی ہے اگر انہوں نے اب بھی فیصلہ نہ کیا تو ان کی رہی سہی سیاسی ساکھ بھی ختم ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی میڈیا اس کیس کے حقائق بے نقاب کر چکا ہے اور اب کسی بہانے سے حکمرانوں کو مزید مہلت نہیں مل سکتی ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ وفاقی وزراء اپنے محکموں کا سرکاری کام چھوڑ کر باد شاہ سلامت کا دفاع کرنے میں لگے ہوئے ہیں لیکن انہیں کچھ حاصل نہیں ہو گا اور اپنے کیے کی سزا بھگتنا ہو گی ۔

تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ انہوں نے پنجاب اسمبلی میں 26نومبر کو قراداد پیش کی تھی کہ مشیرخارجہ کو بھارت جانے سے روکا جائے بہتر ہوتا سرتاج عزیز بھارت جانے کی ضد نہ کرتے جس سے پاکستان کو عالمی سطح پر سبکی کے علاوہ کچھ نہیں ملا ۔انہوں نے کہا کہ منتخب ایوانوں میں پیش کی جانے والی قرار دادوں کو زیر بحث لائے جانے کی بجائے ردی کی ٹوکری کی نظر کرنا غیر جمہوری اقدام ہے جس پر وہ تحریک استحقاق پیش کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔

شعیب صدیقی نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کو شرمندگی اور مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا خاص طور پر بھارت کے مقابلے میں دوستی کی یکطرفہ پینگھیں بڑھانے کی کوششیں مضحکہ خیز ہیں جن سے ہر پاکستان شہری کو دلی دکھ اور رنج پہنچا ہے ۔

متعلقہ عنوان :