دہشتگردی کے خلا ف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ، تمام دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی اور خفیہ اداروں کے مربوط تعاون سے بلا امتیاز آپریشن کیاجائے ، چین پاکستان اقتصادی راہداری کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ، بلوچستان میں دوردراز کے علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی سکیورٹی اور امن کی بحالی کے سلسلے میں پاک فوج مکمل معاونت فراہم کرے گی ، قانون نافذکرنیوالے اداروں کی استعدادمیں اضافے کیلئے مددکی جائیگی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کورہیڈکوارٹرزسدرن کمانڈ کے دورہ کے موقع پر خطاب، فوج ‘ ایف سی ‘ قانون نافذ کرنے والے ، خفیہ اداروں کے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری کیلئے کردار ، بلوچستان کے عوام کی حمایت اور قر بانیوں کی تعریف یادگار شہد اء پر حاضری ، پھولوں کی چادر چڑھائی ،مادر وطن کے دفاع کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش

منگل 6 دسمبر 2016 18:37

دہشتگردی  کے خلا ف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ، تمام دہشتگردوں ..
راولپنڈی /کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 دسمبر2016ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشتگردی کے خلا ف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی اور خفیہ اداروں کے مربوط تعاون سے بلا امتیاز آپریشن جاری رکھاجائے ، چین پاکستان اقتصادی راہداری کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ، بلوچستان میں دوردراز کے علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی سکیورٹی اور امن کی بحالی کے سلسلے میں پاک فوج مکمل معاونت فراہم کرے گی ،صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی جلد اور بروقت تکمیل کیلئے ان پر کام کی رفتار تیز کی جائے قانون نافذکرنیوالے اداروں کی استعدادمیں اضافے کیلئے مددکی جائیگی۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو کورہیڈکوارٹرز سدرن کمانڈ کے دورہ کے موقع پر خطاب کررہے تھے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگار شہداء پرحاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے تمام شہداء کی قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

بعد ازاں آرمی چیف نے سدرن کمانڈ کا دورہ کیا جہاں انہیں کمانڈ کی آپریشنل تیاریوں‘ جاری استحکام آپریشن اور بلوچستان کی سلامتی کی مجموعی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے فوج ایف سی ‘ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خفیہ ایجنسیوں کے صوبے کے امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری کے حوالے سے کردار کی تعریف کی۔

انہوں نے صوبہ بلوچستان میں امن کی بحالی کیلئے خصوصی طور پر بلوچستان کے عوام کی حمایت اور قر بانیوں کو سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ترقی اور سیکیورٹی کے حوالے سے فوج اور سول حکومت کی جانب سے اختیار کی گئی مربوط سوچ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج صوبے میں امن کی بحالی کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قابلیت میں اضافے اور دور دراز کے علاقوں میں جاری تمام منصوبوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے میں ہر ممکن ضروری معاونت فراہم کرے گی۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ہر قسم کے دہشت گردوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اور خفیہ اداروں کے تعاون سے مرتکز اور بلا امتیاز آپریشن کیا جائے۔ آرمی چیف نے صوبہ بلوچستان میں روڈ نیٹ ورک کی تعمیر میں ایف ڈبلو او اور این ایل سی کے کردار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ عوام کے ایک دوسرے سے روابط کیلئے ترقیاتی منصوبوں پرکام کی رفتار تیزکی جائے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجو نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے عزم مصمم کا اعادہ کیا۔ قبل ازیں کوئٹہ پہنچنے پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔