مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وزیراعظم کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کا حویلیاں کے گائوں لڑی میں بجلی فراہمی کے منصوبہ کی تقریب سے خطاب

منگل 6 دسمبر 2016 18:25

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، وزیراعظم بہت جلد ہزارہ کا دورہ کر کے ہزارہ بالخصوص ضلع ایبٹ آباد میں میگا پراجیکٹس کا اعلان کریں گے، تبدیلی کی دعویدار صوبائی حکومت نے صوبہ کے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ہے، پہلے 3 سال قومی ترقی کیلئے اپنی توانائیاں صرف کی ہیں، وہ اب حلقہ کی ترقی کیلئے ٹھوس اور جامع اقدامات اٹھائیں گے، دیہی علاقوں کی پسماندگی ختم کی جائے گی۔

وہ تحصیل حویلیاں کے گائوں لڑی میں بجلی فراہمی کے منصوبہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ قبل ازیں لڑی آمد پر عمائدین علاقہ نے ڈپٹی سپیکر کا پرتپاک استقبال کیا۔

(جاری ہے)

مرتضیٰ جاوید عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے مدبرانہ فیصلوں کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، وزیراعظم کو ہزارہ کے دورہ کی دعوت دی ہے جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے بہت جلد ہزارہ کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے، وزیراعظم ہزارہ کے دورہ کے دوران میگا پراجیکٹس کا اعلان کریں گے جس سے ہزارہ کی تقدیر بدل جائے گی۔

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ دھرنوں میں قوم کا وقت ضائع کرنے والی تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے صوبہ کے عوام کو صرف مایوسی ہی دی ہے، ایبٹ آباد کے دیہی علاقوں کی پسماندگی دور کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، بجلی سے محروم دور دراز علاقوں کو بجلی کی سہولت اور سوئی گیس کے محروم علاقوں کو سوئی گیس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ تقریب کے دوران گائوں لڑی کے عوام نے ڈپٹی سپیکر سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقہ کی ہزاروں بچیاں اور بچے لفٹ کے ذریعہ ندی دوڑ عبور کر کے سکولوں کو جاتے ہیں، بارشوں کے موسم میں ندی دوڑ میں طغیانی کے باعث بچے اور بچیاں سکول نہیں جا سکتے، ایمرجنسی کی صورت میں مریض راستہ میں دم توڑ جاتے ہیں، ندی دوڑ پر پل تعمیر کرنے کیلئے فوری طور پر فنڈ فراہم کیا جائے۔

علاقہ کے عمائدین نے ڈپٹی سپیکر سے مطالبہ کیا ہے کہ گائوں میں سوئی گیس کی فراہمی کیلئے پائپ لائن بچھا دی گئی ہے تاہم پائپ لائن کم ہونے کے باعث متعدد گھروں تک پائپ لائن نہیں پہنچ سکی، سوئی گیس کی پائپ لائن فراہم کی جائے۔ ڈپٹی سپیکر نے اہلیان علاقہ کے دونوں مطالبات جلد پورے کرنے کی یقین دہائی کروائی ہے۔