بلدیاتی اداروں کے بہتر طور کام کئے بغیر جمہوریت پروان نہیں چڑھ سکتی ،ْوزیر اعظم نواز شریف

بلدیاتی نمائندوں کوعوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے بااختیاربنایا جائیگا ،ْ اجلاس سے خطاب

منگل 6 دسمبر 2016 17:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے بہتر طور کام کئے بغیر جمہوریت پروان نہیں چڑھ سکتی ،ْبلدیاتی نمائندوں کوعوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے بااختیاربنایا جائیگا۔ وہ منگل کو یہاں وزیراعظم ہائوس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صوبائی رہنمائوں کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنمائوں نے وزیراعظم کو صوبہ میں بلدیاتی اداروں کے انتخابات کے بعد میئرز اور ڈپٹی میئرز کے انتخاب سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلدیاتی ادارے صوبائی اور قومی سطح پر تربیت یافتہ اور باصلاحیت قیادت فراہم کرتے ہیں۔ اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وزیر برائے ترقی، منصوبہ بندی و اصلاحات احسن اقبال، وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

دیگر شرکاء میں سینیٹر پرویز رشید، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی، رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف، وزیر لیبر پنجاب راجہ اشفاق سرور، وزیر قانون پنجاب رانا ثناء الله خان، وزیر ترقی و منصوبہ بندی پنجاب ملک ندیم کامران، وزیر بلدیات پنجاب منشاء الله بٹ، سینیٹر سعود مجید، ایم این اے مہر اشتیاق احمد، ایم این اے محمد پرویز ملک اور سمیع الله خان شامل تھے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ بلدیاتی نظام جمہوریت کی بنیادی اکائی ہے بلدیاتی نظام کے فعال ہونے سے جمہوری نظام مضبوط ہوگا انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے بنیادی مسائل کے حل کرنے کیلئے بلدیاتی نمائندوں کو بااختیاربنایاجائیگا ۔