100 روزہ صفائی مہم جاری ،مئیر کراچی کا لائنز ایریا میں صفائی مہم کاآغاز

ہاتھ پیر باندھ کر ہمیں سمندر میں پھینک دیا گیا ہے مگر اسکے باوجود میں اور چیئرمینز ہمت نہیں ہاریں گے ،وسیم اختر کی میڈیا سے گفتگو

منگل 6 دسمبر 2016 17:30

100 روزہ صفائی مہم جاری ،مئیر کراچی کا لائنز ایریا میں صفائی مہم کاآغاز
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) مئیر کراچی وسیم اختر نے چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور کے ہمراہ یوسی گیارہ لائینز ایریا میں سو روزہ خصوصی صفائی مہم کا آغاز کر دیا ہے، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مئیر کراچی نے کہا کہ لائینز ایریا میرا حلقہ انتخاب ہے ،میں یہاں کے مکینوں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے منتخب کروایا جس کی بدولت آج میں مئیر کراچی منتخب ہوا ہوں انہوں نے یقین دلایا کہ لائینز ایریا سمیت کراچی کے بلدیاتی مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنی تمامتر قوتیں بروئے کار لائیں گے، میڈیا سمیت کراچی کے شہری جانتے ہیں کہ ہمارے پاس وسائل اور اختیارات کی کمی ہے، ہاتھ پیر باندھ کر ہمیں سمندر میں پھینک دیا گیا ہے مگر اسکے باوجود میں اور چئیرمینز ہمت نہیں ہاریں گے وسائل محدود صحیح لیکن ان ہی وسائل کو استعمال میں لا کر عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کو یقینی بنا کر ریلیف فراہم کریں گے، لائینز ایریا میں آج شروع کی جانے والی صفائی مہم سو روزہ مہم کا تواتر ہے جس کا دائرہ کار دن گزرنے کے ساتھ ساتھ وسیع کیا جا رہا ہے شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ اس صفائی مہم میں اسطرح سے شرکت کریں کہ صفائی نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ یوسی بلدیاتی نمائندگان کو آگاہ کریں، کچرا یہاں، وہاں پھینکنے سے خود بھی گریز کریں اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کریں آخر میں انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل حل کرنا اسوقت بہت بڑا چیلنج ہے جس پر پورا اترنے کیلئے تمامتر توانائیاں بروئے کار لا رہے ہیں انہوں نے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ گل پاشی سے ابھی پرہیز کیا جائے ابھی ہم نے کچھ نہیں کیا جب شہریوں کو سہولیات فراہم کر دیں گے تو گل پاشی کا حق بنتا ہے ، چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور نے اس موقع پر کہا کہ بلدیہ شرقی سو روزہ صفائی مہم میں اپنی بھرپور شرکت سے شہریوں کے مسائل کے حل میں معاونت فراہم کر رہا ہے جس کی نگرانی میں خود اور وائس چئیرمین بلدیہ شرقی عبدالرؤف خان کر رہے ہیں یوسی چئیرمینز اور وائس چئیرمینز کی بھرپور شرکت نے اس سلسلے میں مزید نکھار پیدا کر دیا ہے اور امید ہے کہ سو روزہ صفائی مہم کے اختتام تک بلدیہ شرقی کے بلدیاتی مسائل کے حل میں بہت بہتری آ جائے گی اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما شبیر قائمخانی، خالد سلطان، ابوبکر، سابق ٹاون ناظم و موجودہ یوسی وائس چئیرمین جاوید احمد، یوسی چئیرمینز، وائس چئیرمینز سمیت افسران بھی موجود تھی.

متعلقہ عنوان :