وزیر اعظم کے بچوں نے کمپنیاں کیسے بنائیں زیر کفالت کے معاملے کی وضاحت کریں ،ْ وزیر اعظم کی تقریروں میں سچ بتایاگیا ہے یا نہیں عدالت نے جوابات مانگ لئے ، پی ٹی آئی کے دلائل مکمل

اگراس نتیجے پر پہنچے کہ کمیشن کے بغیر انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہونگے تو ضرور کمیشن بنائینگے ،ْ تمام آپشن کھلے رکھے ہیں ،ْ سپریم کورٹ

منگل 6 دسمبر 2016 15:05

وزیر اعظم کے بچوں نے کمپنیاں کیسے بنائیں زیر کفالت کے معاملے کی وضاحت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاناما لیکس کے معاملے کی سماعت کے دور ان واضح کیا ہے کہ اگر اس نتیجے پر پہنچے کہ کمیشن کے بغیر انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہونگے تو کمیشن ضروربنائینگے ،ْ تمام آپشن کھلے رکھے ہیں ،ْ نیب ،ْایف بی آر اور ایف آئی اے نے کچھ نہیں کیا ،ْ اداروں نے کوئی کام نہیں کرنا تو بند کردیں ، عدالت میں پی ٹی آئی کی طرف سے دلائل مکمل کر لئے گئے، وزیر اعظم محمد نواز شریف کے بچوں نے پاناما کیس کی سماعت روزانہ کی بنیادوں پر کر نے کی درخواست دائر کر دی ۔

منگل کو چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے پانامالیکس کی تحقیقات سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی ۔سماعت کے دوران جماعت اسلامی کے وکیل اسد منظور بٹ نے کہا کہ 556 آف شور کمپنیاں ہیں ،صرف وزیر اعظم کا حساب نہیں ہونا ،ْمعاملہ انکوئری کمیشن کے سپرد کیا جائے جس پر چیف جسٹس نے جماعت اسلامی کے وکیل اسد منظور بٹ کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ نے کہا ہے کہ کمیشن تشکیل دیا جائے ہم نے تمام آپشن کھلے رکھے ہیں اگراس نتیجے پر پہنچے کہ کمیشن کے بغیر انصاف کے تقاضے پورے نہ ہوں گے تو ضرور کمیشن بنائیں گے ،ْنیب ،ْایف بی آر اور ایف آئی اے نے کچھ نہیں کیا ،ْ جب ہم نے دیکھا کہ کہیں کوئی کارروائی نہیں ہورہی تو یہ معاملہ اپنے ہاتھ میں لیا ،ْ ادارے قومی خزانے پر بوجھ بن گئے ہیں ،ْ اگر انہیں کوئی کام نہیں کرنا تو ان کو بند کردیں۔

(جاری ہے)

عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ وزیر اعظم کی پہلی تقریر میں سعودیہ مل کی فروخت کی تاریخ نہیں دی گئی ،ْ لندن فلیٹس سعودی مل بیچ کر خریدے یا دوبئی مل بیچ کر،بیان میں واضح تضاد ہے ،ْ نوازشریف نے کہا ہے کہ لندن فلیٹ جدہ اور دبئی ملوں کی فروخت سے لئے ،ْ33 ملین درہم میں دبئی اسٹیل مل فروخت ہوئی اور یہ قیمت وزیر اعظم نے بتائی۔

حسین نوازنے کہا ہے کہ لندن فلیٹ قطرمیں سرمایہ کاری کے بدلے حاصل ہوئے ،ْوزیر اعظم نے مسلسل ٹیکس چوری کی ہے، 2014 اور 2015 میں حسین نواز نے اپنے ابوجی کو 74 کروڑ کے تحفے دیئے ،ْان تحفوں پر وزیر اعظم نے ٹیکس ادا نہیں کیا۔جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ وزیر اعظم کے گوشواروں میں کہاں لکھا ہے کہ مریم نواز ان کے زیر کفالت ہیں جس پر نعیم بخاری نے کہا کہ ان کے پاس مریم کے والد کے زیر کفالت ہونے کے واضح ثبوت ہیں جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ ویلتھ ٹیکس 2011 میں مریم نواز کے اپنے والد کے زیر کفالت ہونے کے ثبوت بتائیں جس پر نعیم بخاری نے کہا کہ اس کے بھی ٹھوس شواہد موجود ہیں مریم صفدر کو 3 کروڑ 17 لاکھ اور حسین نواز کو 2 کروڑ کے تحفے والد نے دئیے۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے نعیم بخاری کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ کے د لائل سے ظاہر ہوتا ہے کہ مریم نواز زیر کفالت ہیں لیکن ابھی یہ تعین کرنا ہے کہ مریم نواز کس کے زیر کفالت ہیں نعیم بخاری نے کہا کہ مریم نواز چوہدری شگر مل کی شیئر ہولڈر ہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہو سکتا ہے کہ مریم نواز کی آمدن کا ذریعہ چودہری شگر مل ہو۔

نعیم بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے جاتی امرامیں اپنے والد کے ساتھ رہنے کا اعتراف کیا ،ْمریم نواز کے مطابق وہ کسی پراپرٹی کی مالک نہیں ،ْانہوں نے کوئی یوٹیلیٹی بل جمع نہیں کرائے ،ْ 2011 سے 2012 کے دوران مریم نواز کے اثاثوں میں اضافہ ہوا ،ْمریم نواز نے والد سے 3 سال میں مجموعی طور پر 8 کروڑ روپے وصول کیے ،ْانہوں نے بھائی حسن نواز سے 2 کروڑ روپے کا قرض لیا ،ْمریم نواز کے شیئرز اور زرعی اراضی بھی ہے ،ْکمپنیوں کے ٹرسٹ ڈیڈکی کوئی حیثیت نہیں،قانون کے مطابق مریم نواز ان کی مالک ہیں، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بی ایم ڈبلیو گاڑی تو پہلے سے استعمال شدہ تھی ،ْگاڑی کی مالیت میں ایک کروڑ 96 لاکھ کا اضافہ کیسے ہوگیا جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ بل جمع کرانا گھر کے مردوں کا کام ہوتا ہے ،ْکیا اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ مریم والد کے زیر کفالت ہیں ،ْزیر کفالت ہونے کا معاملہ اہمیت کا حامل ہے ،ْ ہمیں جائزہ لینا ہوگا کہ ملک کے قانون میں زیر کفالت کی کیا تعریف کی گئی ہے ،ْ ہم بھی تلاش کر رہے ہیں آپ بھی تلاش کریں، نعیم بخاری نے کہا کہ جناب میں عمر میں آپ سے بڑا ہوں، جس پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ بخاری صاحب آپ عمر بتا دیں پھر کچھ نہیں کہوں گا ،ْنعیم بخاری نے کہا کہ میری عمر 68 سال سے زیادہ ہے ،ْعدالت میرے ساتھ مذاق نہ کرے جس پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ پھر آپ تسبیح پکڑیں، گھر چلے جائیں اور اللہ اللہ کریں۔

اپنے دلائل میں نعیم بخاری نے کہا کہ نومبر1999 میں حسن نوازنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ فلیٹس میں کرائے پر رہتا ہوں، فلیٹس کا کرایہ پاکستان سے آتا ہے جس پر جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ کرایہ پاکستان سے ضرور آتا ہے لیکن وہ بزنس سے آتا ہے یہ بات ہم نے نوٹ کی ہے ،ْقطری شہزادے کے خط میں کہا گیا ہے کہ لندن کی جائیداد ان کی تھی سوال ہے کہ کیا حسن نواز کا بیان قطری شہزادے کے خط سے مطابقت رکھتا ہے۔

نعیم بخاری نے کہا کہ کرایہ کاروبار سے ادا کرنے کا کوئی دستاویزی ثبوت نہیں 1999 میں حسن نواز طالب علم تھا تو 2 سال بعد فلیگ شپ کمپنی کی رقم کہاں سے آئی ،ْکرایہ دادا ابو کے شروع کردہ کاروبار سے آتا ہے یہ حسن نواز مان چکے ہیں،حسین نواز نے کہا کہ حسن نواز کو کاروبار کے پیسے اس نے دیے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا میاں شریف خود کاروبار سنبھالتے تھے، ہوسکتا ہے کہ میاں شریف بچوں اور پوتوں کی دیکھ بھال کرتے ہوں جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ تمام بیانات کوملا کر پڑھیں کہ پیسہ دبئی سے قطر پھر سعودی عرب اور پھر لندن گیا جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ کوومبر کمپنی کے نام سے بھی ایک آف شور کمپنی ہے ،ْاس کوجو کمپنی فنڈ فراہم کرتی ہے وہ دبئی میں ہے، کوومبر کو یہ رقم دبئی میں کہاں سے آتی ہے وہ سوال وکیل دفاع سے پوچھیں گے۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ نوازشریف کے گوشواروں کے مطابق مریم نواز2011میں ان کے زیر کفالت تھیں ،ْپہلے نواز شریف نے مریم کو 3 پھر 5کروڑ تحفے میں دئیے، پاناما لیکس کی دستاویز ڈاؤن لوڈ کی گئی ہیں، جنوری 1999 میں فلیٹس کے بورڈ آف ڈائریکٹرزمیں میاں شریف،شہبازشریف، حمزہ شہباز، شمیم اختر، صبیحہ اختر اور مریم نواز شامل تھے، 1999 میں لندن کی ایک عدالت نے فیصلہ بھی جاری کیا تھا ،ْوزیراعظم کے بیانات میں تضادہے اس وجہ سے وہ صادق اورامین نہیں رہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں آپ سے بہت سے سوال کرنے ہیں بخاری صاحب، آپ جس دور کی بات کر رہے ہیں اس وقت وفاق مشرف کو ظاہر کرتاتھا کیا مفادعامہ کے تحت درخواست میں صادق اورامین کامعاملہ سن سکتے ہیں ،ْ اس حوالے سے قانون کے مطابق فورم موجود ہے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کو پہلے سزا ہوئی پھر وہ نااہل ہوئے۔نعیم بخاری کی جانب سے دلائل مکمل ہونے پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنے دلائل شروع کئے اور کہاکہ ان کا کیس شارٹ، سوئٹ اور اسمارٹ ہے ،ْہم پاناما لیکس پر ٹی اوآر کمیٹی، الیکشن کمیشن اور دیگر فورم پر بھی گئے لیکن فائدہ نہیں ہوا ،ْ قائمہ کمیٹی میں ایف بی آر نے اراکین پارلیمنٹ کی توہین کی، دودھ کی رکھوالی پر بلوں کو نہیں بٹھا سکتے ،ْعام آدمی ہوں میرا وکیل میرا رب ہے ،ْ میرا ایمان ہے کہ عدالت کو کیس کا علم ہے اور اللہ تعالی نے آپ سے فیصلہ لینا ہے ،ْمیں جدہ اور دبئی کی جائیداد کی تفصیلات میں نہیں جاؤں گا، نوازشریف کے کاغذات نامزدگی پر ماہر قانون دان موجود ہیں ،ْیہ کہنا درست نہیں کہ کاغذات نامزدگی میں زیر کفالت ہونے کاخانہ نہیں تھا ،ْزیر کفالت میں 2افراد کا نام درج ہے ،ْ ایک زیر کفالت اہلیہ اوردوسری بیٹی ہیں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہاکہ علم نہیں کہ 12ملین درہم کتنے برکت والے ہیں جو 1989سے لے کر آج تک ختم نہیں ہو رہے ،ْ انہیں ذرہ برابر بھی شک نہیں کہ آف شور کمپنیاں نواز شریف کی ہیں، مریم نواززیرکفالت ہیں توآف شورکمپنیاں ظاہرکردینا چاہئے تھیں نیلس اورنیسکول کوگوشواروں میں ظاہر کرنا چاہئے تھا ،ْ میں کوومبر کمپنی کی ٹرسٹ ڈیڈ میں شریف خاندان کی پھرتیاں دکھانا چاہتا ہوں کہ جس دن مریم نواز کے دستخط ہوئے اس دن اس کی تصدیق بھی ہوگئی،دونوں تاریخوں پر دستخط ایک دوسرے سے مماثلت نہیں رکھتے، مریم نواز نے 2 تاریخ کو دستخط کئے لیکن نوٹری پبلک سے ٹرسٹ ڈیڈزکی تصدیق نہیں ہوئی۔

درحقیقت دونوں ٹرسٹ ڈیڈ جعلی ہیں ان پر وزارت خارجہ کی تصدیقی مہر نہیں، 4 تاریخ تک جدہ سے لندن تک یہ ڈیڈ قطری جہاز کے علاوہ نہیں پہنچ سکتی۔شیخ رشید کے دلائل پر جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ انکم ٹیکس کاخانہ بھرا نہیں گیا تھا تو اس کا جائزہ لینا کس کا کام ہے ،ْ ٹیکس گوشوارے غلط بھرے گئے تو اس کافیصلہ مفادعامہ کے تحت کیا سپریم کورٹ کرے گی یا پھر فیصلے متعلقہ فورم پر اپیل کی جانی چاہئی،ْ کیا انصاف کی خاطر قانون کو روندتے چلے جائیں۔

جس پر شیخ رشید نے کہا کہ تاریخ میں ایسے مواقع آتے رہتے ہیں لیکن جمہوریت کو مضبوط کرنے کا آخری موقع ہے۔وقفے کے بعد جب کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو وزیراعظم کے وکیل سلمان اسلم بٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ درخواست گزاروں نے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے۔انہوںنے کہاکہ 1992 میں مریم نواز کی شادی کے بعد وہ وزیراعظم کی زیر کفالت نہیں ۔

سلمان اسلم بٹ نے کہاکہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت صرف بیگم کلثوم نواز زیر کفالت تھیں۔جسٹس آصف سعید کھوسہ نے سلمان اسلم بٹ کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پیسہ کہاں سے آیا یہ آپ نے ثابت کرنا ہے سلمان اسلم بٹ نے کہا کہ مریم نواز کی جائیداد کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے کوئی اور کالم موجود نہیں تھا۔جسٹس آصف سعید کھوسہ نے استفسار کیا کہ اگر کوئی مخصوص کالم نہیں تھا تو نام لکھنے کی کیا ضرورت تھی ،ْاگر نام لکھنا ضروری تھا تو کسی اور کالم میں لکھ دیتے۔

عدالت نے تین سوالات اٹھائے وزیر اعظم کے بچوں نے کمپنیاں کیسے بنائیں زیر کفالت کے معاملہ کی وضاحت کی جائے اور وزیر اعظم کی تقریروں میں سچ بتایاگیا ہے یا نہیں بعد ازاں پوچھے گئے تینوں سوالوں کا جواب مانگتے ہوئے کیس کی سماعت (آج) بدھ تک کیلئے ملتوی کردی، سماعت شروع ہونے پر سلمان اسلم بٹ اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔دوسری جانب وزیر اعظم نواز شریف کے بچوں حسین، حسن اور مریم نواز کی جانب سے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاناما کیس انتہائی اہم نوعیت کا معاملہ ہے ،ْاس کی وجہ سے ریاست کے مختلف اداروں کا کام متاثر ہورہاہے ،ْتاثر دیا جارہا ہے کہ وزیر اعظم اوران کے اہل خانہ کی جانب سے تاریخیں لی جارہی ہیں ،ْحقیقت میں تاریخیں درخواست گزاروں کی جانب سے مانگی جارہی ہیں ،ْاس لیے پاناما کیس کی سماعت روزانہ کی بنیادوں پر کی جائے۔