راولپنڈی کے میئر شپ کیلئے جوڑ توڑ عروج پر

ڈپٹی میئر شپ کی نشستوں پر امیدواروں کے چنائو کی صورتحال بھی پیچیدہ تحریری وعدوں کے باوجود لیگی قیادت کے مکرنے سے ن لیگ راولپنڈی میں ایک بار پھر دراڑیں پڑنے لگیں

منگل 6 دسمبر 2016 15:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2016ء) میونسپل کارپوریشن (راول ٹائون)راولپنڈی کے میئر شپ کے لئے جوڑ توڑ عروج پر پہنچنے کے ساتھ ڈپٹی میئر شپ کی نشستوں پر امیدواروں کے چنائو کی صورتحال بھی پیچیدہ ہو گئی مسلم لیگ ن راولپنڈی کی قیادت کی جانب سے اپنے حلف اوروعدوں سے انحراف کے باعث ڈپٹی میئر شپ کے لئے امیدوار کی نامزدگی کا معاملہ بدستور الجھنے لگا تحصیل کی مخصوص نشست پر کامیاب امیدوارملک حفیظ اعوان کو یونین کونسل 28کی چیئرمین شپ سے دستبردار کرانے اور مخصوص نشستوں پر کامیابی کے بعد ڈپٹی میئر بنانے کے تحریری وعدے اور حلف کے باوجودلیگی قیادت کے مکرنے سے مسلم لیگ ن راولپنڈی میں ایک بار پھر دراڑ پڑنے لگی بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں امیدواروں کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت سابق رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی نے حلقہ این اے 56میں یونین کونسل 28سے چیئر مین کے امیدوار اور دیرینہ لیگی کارکن ملک حفیظ اعوان کو الیکشن سے دستبردار کراکے یونین کونسل 28کا ٹکٹ قاری سالم کو دے دیا تھا جس کے لئے مختلف جرگے ہوتے رہے جبکہ گرینڈ جرگہ میں محمد حنیف عباسی نے حلف پر یقین دہانی کرائی اور رکن صوبائی اسمبلی راجہ حنیف کے لیٹر پیڈ پر تحریر دی کہ اگر حفیظ اعوان پارٹی کی عزت کا خیال اور پارٹی ڈسپلن کی پاسداری کریں تو انہیں مخصوص نشستوں سے کامیابی کے بعد شہرکی ڈپٹی میئر شپ دی جائے گی اس ضمن میں اراکین اسمبلی ملک ابرار، طاہرہ اورنگزیب ،راجہ حنیف ، سردار نسیم اورحاجی پرویزنے بطور ضامن اس تحریر پر دستخط کئے تھے لیکن ڈپٹی میئر شپ کے انتخابات کا مرحلہ آتے ہی حنیف عباسی اپنی بات سے غیر اعلانیہ طور پر منحرف ہو گئے جبکہ ضامنوں نے بھی پراسرار خاموشی اختیار کر لی اس حوالے سے مسلم لیگ ن کی جانب سے امیر شہر کی نامزدگی کے لئے ایک روز قبل چلائی جانے والی پریس ریلیز میں ڈپٹی میئر کے امیدواروں سے ملک حفیظ اعوان کا نام ہی ہذف کر دیا گیا مسلم لیگی ذرائع کے مطابق مقامی قیادت کی جانب سے دیرینہ اور مخلص پارٹی کارکنوں کے ساتھ امتیازی سلوک معمول بن چکا ہے حالانکہ ملک حفیظ اعوان سے مشرف دور میں بھی ن لیگ نے منتوں سماجتوں سے پارٹی ٹکٹ واپس لے کر دوسرے شخص کو دے دیا تھا اس وقت بھی انہیں طفل تسلیاں دی گئی تھیں جبکہ ملک حفیظ اعوان وہ دیرینہ کارکن ہیں جو مشرف دور حکومت میں راولپنڈی سینٹرل جیل اڈیالہ کے علاوہ اٹک اور میانوالی کی جیلوں میں بھی پابند سلاسل رہے جبکہ دوسری جانب میونسپل کارپوریشن راولپنڈی میں میئر اور ڈپٹی میئرز کے انتخابات کیلئے سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں،شہر کی 46 یونین کونسلوں میں سے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کو 46میں سی40 یونین کونسلوں کے چیئرمینوں اور مخصوص نشستوں کے نومنتخب 17 ممبران سمیت مجموعی طور پر57 ممبران کی حمائیت حاصل ہے پیپلز پارٹی کے 3 جبکہ تحریک انصاف کے 2 اور1 یوسی چیئرمین کا تعلق عوامی مسلم لیگ سے ہے،پارٹی ٹکٹ کے حصول کیلئے حکمران جماعت کوسردار نسیم خان،شیخ ارسلان سجاد خان ،راجہ حامد حسین عباسی اورملک سلطان محمود جبکہ ڈپٹی میئرز کیلئے ملک حفیظ اعوان ،راجہ مقصود حسین،چوہدری طارق،عابد حسین عباسی،ملک سلطان محمود اور شیخ ارسلان سمیت دیگر نے درخواستیں جمع کرائی ہیںالیکشن شیڈول کے مطابق09 اور 10 دسمبرکو کاغذات نامزدگی جمع11 اور 12 دسمبرکو سکروٹنی ہوگی،14 دسمبر کو اپیل جبکہ15 دسمبر کو اپیل پرفیصلہ سنایا جائے گا اور16دسمبر کو امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے اور اسی روز امیدواروں کی حتمی لسٹ آویزاں ہوگی اور انتخابی نشانات الاٹ ہونگے،22 دسمبر کو پولنگ ہوگی اور 23 دسمبرکوریٹرننگ افسرباقاعدہ انتخابی نتائج کا اعلان کریں گے،28 دسمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے کامیاب امیدواروں کا نوٹیفیکیشن جاری ہوگاجبکہ 31 دسمبر کو نو منتخب بلدیاتی اداروں کے سربراہان کی حلف برداری ہوگی۔

۔

متعلقہ عنوان :