پاکستان پرامن ملک، خطے میں امن وسلامتی کا خواں ہے، خواجہ آصف

منگل 6 دسمبر 2016 14:58

پاکستان پرامن ملک، خطے میں امن وسلامتی کا خواں ہے، خواجہ آصف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور خطے میں امن سلامتی کا خواں ہے ۔ افغانستان میں قیام امن کے لئے امریکہ سمیت نیٹو کے 16 ممالک ناکام ہو چکے ہیں۔سی پیک منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ وسطی ایشیاء ممالک کی مارکیٹوں میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے گا ۔

منگل کے روز اسلام آباد میں سامایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام پاکستان اٹلی تجارتی فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اٹلی اور پاکستان کے دوستانہ تعلقات بہت پرانے ہیں اٹلی میں ہزاروں پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع میسر ہیں ۔اٹلی نے پاکستان کے ساتھ ہر مشکل وقت میں تعاون کیا ہے ۔اٹلی نے پاکستان کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد فراہم کی ۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی بہتری کے باعث دنیا بھر سے سرمایہ کار دلچسپی لے رہے ہیں سی پیک منصوبے کے ذریعے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی عوام کے لئے ترقی کے راستے کھل رہے ہیں اس لئے سی پیک منصوبے میں وسطی ایشیائی ممالک ، ترکمانستان ، ایران بھی دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں منصوبہ پوری دنیا کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے گا ۔

اس منصوبے سے خطے کی مارکیٹوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع میسر آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن پسند ملک ہے خطے میں امن کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہا ہے پاکستانی افواج اور عوام نے مل کر دہشتگردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع کیا اور آپریشن میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں ۔ پاکستان افغانستان میں امن و امان کا خواہش مند ہے اس لئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امریکہ سمیت نیٹو کے 16 ممالک مل کر بھی مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں افغانستان میں قیام امن کے لئے سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے توانائی بحران کی شدت کو ختم کر دیا ہے اور بجلی کی پیداوار کو بڑھا کر صنعتوں کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں ۔ صنعتوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے باعث لوگوں کو روزگار کے مواقع مل رہے ہیں اور صنعتیں ترقی کر رہی ہیں ۔