اقتصادی نظام پر عوامی اعتماد میں کمی، ماہرین عالمگیریت کے تناظر میں محروم رہ جانے والوں پر بھی توجہ دیں،بینک آف انگلینڈ

منگل 6 دسمبر 2016 13:54

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) بینک آف انگلینڈ نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ اقتصادی نظام پر عوامی اعتماد میں کمی آرہی ہے اور اقتصادی ماہرین عالمگیریت کے تناظر میں محروم رہ جانے والوں پر بھی توجہ دیں۔گزشتہ روز ایک تقریب کے دوران بینک آف انگلینڈ کے گورنر مارک کارنے کا کہنا تھا کہ دنیا کی کئی بڑی معیشتوں میں لوگ بڑی حد تک غیریقینی صورتحال سے دوچار ہیں اور موجودہ اقتصادی نظام پر اپنا اعتماد کھورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ 2008-09 ء کے اقتصادی بحران نے مالیاتی دنیا کی حقیقت آشکار کردی ہے جس کے بعد اوپن مارکیٹ کیلئے عوامی حمایت میں کمی آرہی ہے۔انھوں نے کہا کہ برطانیہ کا یورپی یونین سے انخلاء کیلئے ریفرنڈم اور امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی سے بھی خطہ گومگو کی صورتحال سے دوچار ہے۔دوسری جانب اٹلی میں آئینی اصلاحات کے ریفرنڈم میں ناکامی پر وزیراعظم میٹیو رینزی کے استعفے سے سیاسی و اقتصادی سرگرمیوں کو مزید دھچکا لگا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تنخواہیں 10 سال پہلے کی سطح پر پہنچ چکی ہیں ، اس لیے اپنا اعتماد بحال کرنے کیلئے اقتصادی ماہرین تجارت و ٹیکنالوجی میں اضافے کے ساتھ ساتھ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقدامات کریں۔