شدید سردی و کورے سے بچائو کیلئے پست ٹنل میں 15 دسمبر تک سبزیوں کی کاشت کی ہدایت

منگل 6 دسمبر 2016 13:43

فیصل آباد۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء)محکمہ زراعت نے پست ٹنل میں 15 دسمبر تک کھیرے کی کاشت کیلئے پودے سے پودے کا فاصلہ 30سینٹی میٹر ، گھیا کدو، چپن کدو، کریلا ،گھیا توری ،خربوزہ اور تربوز کا 45سینٹی میٹر جبکہ حلوہ کدو کا 50سینٹی میٹر رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار بروقت سبزیاں کاشت کریں اور موسم گرما کی سبزیوں کی اگیتی دستیابی اور زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے سبزیوں کی ٹنل میں کاشت کو فروغ دیاجائے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایاکہ پست ٹنل کی اونچائی تقریباً ایک میٹر ہوتی ہے جس کے اندر کھیرا، گھیا کدو، چپن کدو، کریلہ، گھیا توری، حلوہ کدو، ٹماٹر، خربوزہ اور تربوز کی کاشت کی جا سکتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ کاشتکار قطاروں کا آپس میں فاصلہ کھیرا، چپن کدو، خربوزہ اور تربوزمیں 150سینٹی میٹر ، گھیا کدو ، کریلا ، گھیا توری اور حلوہ کدومیں 240سینٹی میٹر رکھیں۔انہوںنے کہاکہ ٹنل کے اندر کاشت کی گئی سبز یاں شدید سردی کے موسم میں سردی اور کورے کے اثر سے محفوظ رہتی ہیں کیونکہ پلاسٹک ٹنل کے اندر کا درجہ حرارت مناسب رہتا ہے اور شدید سردی و کورے کے باوجود ٹنل کے اندر پودوں کی بڑھوتری جاری رہتی ہے جس کے باعث فصل جلد تیار ہو جاتی ہے اور اچھے داموں بکتی ہے۔