جعلی کھادوں اور زرعی ادویات تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون شروع

منگل 6 دسمبر 2016 13:42

فیصل آباد۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء)پنجاب بھر میں جعلی کھادوں اور زرعی ادویات تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کردیا گیاہے جس کے باعث مذکور ہ دھندے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے لہٰذا اگر زمینداروں ، کاشتکاروں ، کسانوں یاشہریوں کو کسی جگہ پر جعلی کھادوں اور زرعی ادویات کی تیاری ، ان کے ذخیرہ یا خرید وفروخت کے بارے میں کسی قسم کی کوئی اطلاع یا شکایت ہو تو فور ی طورپر محکمہ زراعت کے متعلقہ حکام ، انتظامی افسران اور قریبی تھانہ رجوع کیاجاسکتاہے ۔

محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق حکومت کسان دوست اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے پنجاب بھر کے کسانوں کیلئے گندم کے معیاری بیج ارزاں نرخوں پر فراہم کئے گئے ہیں جس سے کاشتکاروں کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کسان دوست ہونے کے ناطے کسانوں کے حقوق کا خیال رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے پالیسیاں بنا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کاشتکار دنیا کے محنتی ترین اور قابل کاشتکار ہیںاس لئے انکی محنت کو کسی جعلی کھاد بنانے والے کی حرص کی نظر نہیں ہونے دینگے۔انہوں نے بتایا کہ سیکرٹری زراعت پنجاب کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ محکمہ زراعت کے حکام پنجاب بھر میں بھرپور کریک ڈاؤن کریں اورہر طرح کی بلیک مارکیٹنگ کا خاتمہ یقینی بنایاجائے۔