محکمہ لائیو سٹاک کا تمام اضلاع میں ’’سکول فوکس پروگرام‘‘ کے آغاز کافیصلہ

منگل 6 دسمبر 2016 13:42

فیصل آباد۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء)محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے تمام اضلاع میں طلباء و طالبات کیلئے سکول فوکس پروگرام کے آغازکا فیصلہ کیاہے جس سے جانوروں و مویشیوں کے متعلق معلومات کی فراہمی سے دودھ و گوشت کی پیداوار میں شاندار اضافہ میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے ذرائع نے بتایاکہ سکول فوکس پروگرام کے تحت ویٹرنری افسران اور ماہرین لائیو سٹاک طلباء و طالبات کے ذریعے ابلاغ کا عمل یقینی بنائیں گے جس کامقصد یہ ہے کہ اگر ایک سکول کی ایک کلاس کے چند طلبا ء کو بھی جانوروں کی بہتر پرورش اور نگہداشت کے متعلق پیغام دے کر ترغیب کے ذریعے تاکید کر دی جائے کہ وہ یہ معلومات اور رہنمائی گھر جاکر اپنے والدین ، عزیز و اقارب ، رشتہ داروں ، بہن بھائیوں اور مویشی پال افراد تک پہنچا دیں تو اس پیغام کے شاندار نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔

انہوںنے بتایاکہ سکول فوکس پروگرام کے دوران طلباء و طالبات کو لائیو سٹاک سیکٹر کے تمام رجحانات اور ضروری امور ، اطلاعات ، معلومات و رہنمائی پر مبنی لٹریچر بھی فراہم کیاجائیگا جس سے چند ماہ کے دوران دودھ و گوشت کی پیداوار میں بھر پور اضافہ میں مدد ملے گی۔