بھارت پاکستان کے ساتھ بغض میں افغانستان کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھارہا ہے

افغان صدرمودی کی زبان نہ بولیں،پاکستان اچھے برے وقت میں ہمیشہ افغانستان کے ساتھ کھڑا رہا،سید خورشید شاہ

منگل 6 دسمبر 2016 12:27

بھارت پاکستان کے ساتھ بغض میں افغانستان کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھارہا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف سیدخورشید شاہ نے کہاہے کہ بھارت پاکستان کے بغض اور حسد میں افغانستان کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھارہاہے اور افغانستان پر بھارت کی دوستی کے پس پردہ مقاصد جلد بے نقاب ہو جائیں گے۔ افغانستان کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ بھارت کے ساتھ نئی نئی دوستی میں اتنا دور نہ نکل جائے کہ واپسی کاراستہ مشکل ہو جائے ۔

اپنے ایک بیان میں ایک افغان صدر اشرف غنی کی تقریر پر رد عمل میں انہوںنے کہاکہ افغان صدر اپنے عوام کو عزیز رکھیں اور مودی کی زبان نہ بولیں ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان نے دہائیوں تک نہ صرف لاکھوں افغان مہاجرین کی دیکھ بھال کی بلکہ مشکل وقت میں افغان عوام کو ان کے ملک میں اپنے بری اور بحری راستوں کے ذریعے ضروریات زندگی بھی مہیا کیں ۔

(جاری ہے)

اشرف غنی وہ وقت بھی بھول گئے جب سویت یونین کے حملے کے وقت بھارت روس کے ساتھ کھڑا تھا اور افغانستان کی بربادی کاتماشا دیکھ رہاتھا ۔

افغانستان کے ساتھ بھارت کی نئی نئی دوستی کا پردہ جلد چاک ہو جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ افغانستان سالہاسال تک عالمی طاقتوں کے زیر تسلط رہا ہے اور اب اسے اندازہ نہیں ہے کہ آزاد اور خود مختار ملک عالمی برادری میں اپنا مقام کیسے بناتے ہیں ، کوئی بھی ملک ابن الوقتی، خوشامد اور مطلب پرستی سے دنیا میں باوقار مقام حاصل نہیں کر سکتا۔ افغان صدر کے یہ الفاظ کہ پاکستان افغانستان کو مدد دینے کی بجائے یہ رقم دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کرنے کے لئے استعمال کرے انتہائی قابل مذمت ہے۔

ہم نے لاکھوں مہاجرین کو اپنے ملک میں پناہ دی اور پھر دہشت گردی اور بد امنی کا اکھاڑا بن گئے مگر ہم نے افغانستان کو برادر ملک ہونے کے ناطے کبھی مورد الزام نہیں ٹھہرایا اور اس کے اچھے اور برے وقت میں ہمیشہ اس کے ساتھ کھڑے ہوئے۔