چینی کمیونسٹ پارٹی نے اراکین کو بھوتوں اور مافوق الفطرت چیزوں پر یقین کرنے سے منع کردیا

Ameen Akbar امین اکبر پیر 5 دسمبر 2016 23:38

چینی کمیونسٹ پارٹی نے اراکین کو بھوتوں اور مافوق الفطرت چیزوں پر یقین ..

چینی کمیونسٹ پارٹی (سی سی پی) نے اپنے اراکین کو کہا ہے کہ وہ بھوتوں اور مافوق الفطرت چیزوں پر یقین نہ کیا کریں ورنہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار ہوجائیں۔
پارٹی کے جریدے میں ایک پرانی تقریر دوبارہ شائع کی گئی ہے، جس میں اراکین سے کہا گیا ہے کہ ایسے کسی بھی عمل سے دور رہیں جو پارٹی کی ہدایات کے خلاف ہو۔
تقریر میں کہا گیا ہے کہ آج کل پارٹی کے اراکین مارکسزم یا لیننزم کی بجائے بھوتوں اور مافوق الفطرت چیزوں پر یقین رکھتے ہیں، وہ تنظیم پر نہیں آقا پر یقین کرتے ہیں۔

(جاری ہے)


اگرچہ انفرادی طور پر چینیوں کو مذہب پر عمل کرنے کی آزادی ہے تاہم سرکاری طور پر چین ملحد ملک ہے۔ سی سی پی بھی اپنے اراکین سے یہی کہتاہے کہ وہ مذہب پر عمل نہ کریں اور نہ ہی مافوق الفطرت عقائد پر یقین کریں۔
اس سال کے شروع میں بھی سی سی پی نے توہم پرستی پر بھی پابندی لگائی تھی۔ سی سی پی کا کہناتھا کہ توہم پرستانہ رسموں پر عمل کرنے والے اراکین کو وارننگ دی جائے گی جبکہ منتظم کو توہم پرستانہ رسم پر عمل کرنے پر پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔
توہم پرستانہ عقائد کی بناپر ہی ایک اعلیٰ درجے کے افسر نے قسمت کا حال بتانے والے کو ملک کے خفیہ راز بھی بتا دئیے تھے۔ اس افسر کو بعد میں ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔