کوئٹہ ،وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ خان زہری کا پشین میں سیکورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں سانحہ 8اگست اور دہشت گردی کی دیگر کاروائیوں میں ملوث عناصر کی ہلاکت پر اطمینان کا اظہار

پیر 5 دسمبر 2016 23:19

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ضلع پشین کے علاقع حرمزئی میں سیکورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں سانحہ 8اگست اور دہشت گردی کی دیگر کاروائیوں میں ملوث عناصر کی ہلاکت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس، ایف سی اور انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی کو سراہا ہے، وزیراعلیٰ جو گزشتہ شب کئے گئے آپریشن کی مسلسل نگرانی کرتے رہے اور صوبائی وزیر داخلہ، آئی جی پولیس سے رابطے میں رہے نے آپریشن میں سول ہسپتال کوئٹہ کے ماسٹر مائنڈ اور اس کے ساتھیوں کی ہلاکت کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کے بعد سے اب تک ان کی بھرپور کوشش تھی کہ وکلاء کی شہادت میں ملوث عناصر کو جتنی جلد ممکن ہو سکے کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے جس کے لیے سیکورٹی فورسز دن رات کوشاں تھیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے انہیں اس میں کامیابی حاصل ہوئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ معصوم لوگوں اور سیکورٹی فورسز کی ٹارگٹ کلنگ اور ان پر حملوں میں ملوث عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی انہیں بلوچستان میں جائے پناہ مل سکے گی، سیکورٹی ادارے آخر حد تک ان کا پیچھا کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جا ئے گا۔وزیراعلیٰ نے گذشتہ شب کے کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والی سیکورٹی فورسز کے لیے انعامات و اسناد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ وطن واپسی پر تحقیقات کی روشنی میں واقعہ کی سامنے آنے والی مزید تفصیلات سے متعلق پریس بریفنگ دیں گے۔

متعلقہ عنوان :