فورٹ منرو میں پارکس کی بحالی و خوبصورتی کے منصوبہ کی منظوری دے دی گئی

پیر 5 دسمبر 2016 22:15

ڈی جی خان۔5 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء)ڈیرہ غازیخان کے صحت افزا مقام فورٹ منرو میں تین پارکس کی بحالی و خوبصورتی کے منصوبہ کی منظوری دے دی گئی ہے جس پر 99کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گی․ منصوبہ کی منظوری کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن محمد یثرب کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں دی گئی ․ اجلاس میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی طرف سے سیوریج کے 33منصوبوں کو بہتر نکاسی آب نہ ہونے پر موخر کردیاگیا․ کمشنر محمد یثرب نے کہاکہ تخمینہ اور سروے کرتے وقت سیوریج کی نکاسی اور ڈسپوزل ورکس کی تعمیر کا خاص خیال رکھا جائے ․ آبادی کے نزدیک جوہڑ اور پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے ․ محکمہ پبلک ہیلتھ کی طرف سے پیش کیے گئے منصوبوں میں سیوریج کے پانی کو مناسب طریقے سے ڈسپوز نہیں کیاگیا ․ آبادی کے نزدیک پانی کھڑا ہونے سے ڈینگی مچھر کی پرورش سمیت دیگر مسائل سامنے آ سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

. کمشنر نے کہاکہ آئندہ پیش کی جانے والی سکیموں میں رقبہ کے حصول کیلئے متعلقہ مالکان سے بیان حلفی لیا جائے تاکہ بعد میں مسائل درپیش نہ ہو ں․ کمشنر محمد یثرب نے فورٹ منرو میں پہلے سے منظور ترقیاتی منصوبوں کو فوری طو رپر شروع کرنے کی ہدایت کی ان میں رنگ روڈ ، بائی پاس اور دیگر منصوبے شامل ہیں جن کیلئے حکومت پنجاب فنڈز فراہم کر دیئے ہیں ․ کمشنر نے کہاکہ فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو قائم ہو ئے دو سال کا عرصہ بیت چکا ہے فنڈز کی فراہمی اور منصوبوں کی منظوری کے باوجود منصوبوں میں غیر ضروری تا خیر سمجھ سے بالا تر ہے ․ اجلاس کو بتایاگیاکہ فورٹ منرو میں پارکس کی ترقی ، ہارٹیکلچر اور سولر لائٹس کے نیٹ ورک کی تنصیب پر 99کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔