ہوٹل میں لگنے والی آگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہوگئی، 80 زخمی

پیر 5 دسمبر 2016 22:02

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) کراچی کے نجی ہوٹل میں لگنے والی آگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 12جبکہ زخمیوں کی تعداد 80 ہوگئی ہے، دوسری جانب پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا، ایس ایس پی کی نگرانی میں قائم کمیٹی نے حادثہ کی جگہ سے نمونے جمع کر لئے ہیں۔ اس ضمن میں ڈی آئی جی سائوتھ آزاد خان تنولی نے بتایا کہ ہوٹل میں اموات دم گھٹنے سے ہوئی ہیں، شواہد جمع کر کے تحقیقات کی جائے گی، شواہد اور لواحقین سے حاصل معلومات کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا جائیگا۔

انہوں نے بتایا کہ ہوٹل میں فائر ایگزٹ 2 ہیں ، فائر ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کی روشنی میں تحقیقات کریں گے۔ فائر ڈیپارٹمنٹ بتائے گا کہ آگ کے وقت فائر الارم بجا یا نہیں۔ ڈی آئی جی سائوتھ کے مطابق اب تک کی معلومات کے مطابق تخریب کاری کا واقعہ نہیں لگ رہا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر کلیم شیخ کے مطابق کراچی کے ہوٹل میں آگ لگنے کے واقعہ میں 12 جاں بحق افراد کی لاشیں لائی گئیں، جاں بحق افراد میں 8 مرد اور4 خواتین شامل ہیں،8 مردوں جن کی شناخت کرلی گئی، جاں بحق افراد میں4 ڈاکٹرز میں ڈاکٹر موہن، ڈاکٹر رحیم سولنگی، ڈاکٹر شیر علی خواجہ، ڈاکٹر محمد حسن بخش اور ڈاکٹر عالم جمالی، ہوٹل کا نائٹ منیجر الیاس بابر وقاص حامد اور محمد حسین شامل ہیں ۔

جاں بحق ہونے والوں میں وقاص اور شازیہ میاں بیوی ہیں اور ان کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے، جبکہ 3 خواتین میں عرفانہ فاطمہ، روبی اور نورین شامل ہیں ۔80 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد جناح ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ ترجمان پی آئی ای کے مطابق ہوٹل میں آگ لگنے کے واقعہ میں 16 کیبن کریو ممبر زخمی ہوئے ہیں، زخمی ہونے والے پی آئی اے اسٹاف کا تعلق اسلام آباد اور پشاور سے ہے ۔ پی آئی اے کے عملے کے کئی ارکان کو طبی امداد دے کر ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا تاہم عملے کے کچھ لوگ اب بھی زیر علاج ہیں۔ ہوٹل میں مقیم ایک بچی کا کہنا تھا وہ اور اس کے گھر والے سو رہے تھے، امی ،ابو نے دھواں محسوس کیا ، کرکٹرز اور دیگر لوگوں نے انہیں ہوٹل سے باہر نکلنے میں مدد کی۔

متعلقہ عنوان :