سپریم کورٹ نے نجی ٹی وی چینل کی بندش کے حوالے سے کیس میں چیئرمین پیمرا کو نوٹس جاری کردیا

پیر 5 دسمبر 2016 22:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) سپریم کورٹ نے نجی ٹی وی چینل کی بندش کے حوالے سے کیس میں چیئرمین پیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کرنے والی کمیٹی کے منٹس اور دیگر ریکارڈ طلب کرلیا۔عدالت نے پیمرا کی جانب سے لگائی کی چینل پرلگی سات روز کی بندش ختم کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے مزید سماعت 7دسمبر تک ملتوی کردی۔

پیر کو جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس طارق پرویز پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر نجی ٹی وی کی جانب سے ایڈووکیٹ عاصمہ جہانگیر نے پیش ہوکر دلائل دیئے اور موقف اختیار کیا کہ پیمرا نے قانونی تقاضے پورے کئے بغیر نجی چینل کو بند کرنے کے احکامات دیئے ہیں حالانکہ سپریم کورٹ نے نجی ٹی وی چینل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری نہیں کیاہے۔

(جاری ہے)

پیمرا نے 19نومبر کو نوٹس جاری کیا۔ نوٹس پیمرا آرڈیننس 2002ء کے سیکشن 20 کے تحت جاری کیاگیا جبکہ سیکشن 30کے تحت جی ایم پیمرا نے آرڈر جاری کرکے ایک ہفتے کیلئے چینل کی بندش کے ساتھ 10 لاکھ جرمانہ عائد کیا۔ فاضل وکیل نے کہاکہ سماعت کرنے والی کمیٹی میں میرے موکل نے غیر مشروط معافی بھی مانگنے کے بعد26نومبر کو جواب جمع کرادیا تھا۔ دوسری جانب ہائی کورٹ سے ہماری درخواست 30 نومبر کو خارج ہوئی، اس طرح اسلام آباد ہائی کورٹ کا آرڈر تین روز بعد ملا جس کی وجہ سے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے میں تاخیر ہوگئی۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ان سے کہا کہ آج کل بے احتیاطی کا اتنا دور دورہ ہے کہ سنی سنائی بات آگے چلادی جاتی ہے، ہم ججز اپنا موقف پیش کرنے کیلئے کوئی پریس کانفرنس نہیں کرسکتے، میں گزشتہ دنوں گھر گیا تو عزیزوں اور دوستوں کی دعوتوں میں نہیں گیا، نہ ان سے زیادہ میل ملاقات کی،کیونکہ یہ امکان تھا کہ کہیں کوئی تصویر شائع ہوجائے گی کہ پانامہ کیس کی سماعت کرنے ولا جج فلاں سے بات کررہا ہے ۔

جسٹس طارق پرویز نے کہا کہ ہم ججز ائیر پورٹ یا کسی پبلک مقام پر جاتے ہیں تو سامنے کوئی آ جاتا ہے، بعض اوقات ہمیں ہاتھ بھی ملانا پڑتا ہے۔ عاصمہ جہانگیر نے استدعاکی کہ چینل پرپابندی کیخلاف حکم امتناعی جاری کیاجائے ورنہ ایک ہفتہ بعد تو ہماری درخواست ہی غیر موثر ہوجائے گی۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ لگتا ہے کہ پیمرا نے نجی ٹی وی کو کم سزا سنائی ہے، عدالت کے پاس سوموٹو کا اختیار ہے، ہوسکتا ہے یہ کیس آئندہ کیلئے نظیرقائم کردے۔ بعد ازاں عدالت نے چیرمین پیمرا کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے مزید سماعت7 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔