پولیس اورمیڈیا کے درمیان حائل خلیج کو دور کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،آئی جی پنجاب

پیر 5 دسمبر 2016 22:02

لاہور۔5 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ سماجی برائیوں کی نشاندہی اورانکا سدباب کرنا پولیس اور میڈیا کا مشترکہ کام ہے ، اس لئے عوام کے وسیع تر مفاد میں میڈیا ور پولیس کو اپنے فرائض کی بجا آوری ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کرنی چاہئیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران کو صحافیوں کو درست معلومات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا چاہئیے جبکہ میڈیاکو غیر جانبدار رپورٹنگ کرتے ہوئے تصویر کے دونوں رخ عوام کے سامنے لانے چاہئیں، آئی جی پنجاب مشتا ق احمد سکھیرا نے کہا کہ پولیس اورمیڈیا کے درمیان حائل خلیج کو دور کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس ضمن میں دونوں فریقین کو مثبت سوچ اور خلوص نیت سے معاشرے کی اصلاح کے لئے مل کر کام کرنا چاہئیے ، آئی جی پنجاب نے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلشنز کی تشکیل نو پرپاکستان پیس کولیکٹو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے اور اس امر کی شدت کے ساتھ ضرورت ہے کہ میڈیا کے ذریعے لوگوں کو درست معلومات فراہم کی جائیں اور عوام کو عزم و حوصلے بلند کرنے والے پیغامات دئیے جائیں تاکہ دہشتگردی کے ناسور کا مقابلہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میںدو روزہ میڈیا مینجمنٹ ٹریننگ ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں کیا جس میں بالائی پنجاب کی20 اضلاع لاہور ، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ ، گجرات ، ننکانہ صاحب ، قصور ، سرگودھا ، اٹک ، جہلم ، چنیوٹ ، منڈی بہاؤالدین ، بھکر ، جھنگ ، فیصل آباد ، راولپنڈی ، حافظ آباد ، لودھراں ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، نارووال اور شیخوپورہ کے ڈسٹرکٹ پولیس افسران نے شرکت کی ۔

اس ٹریننگ ورکشاپ کا اہتما م وفاقی وزرات اطلاعات و نشریات کے ذیلی ادارے پاکستان پیس کولیکٹو نے کیا تھا جس میں سینئر صحافی قطرینہ حسین ، بی بی سی اردو کے سوشل میڈیا ایڈیٹر طاہر عمران میاں ،سینئر صحافی بیرسٹر مہرین خان سمیت پاکستان پیس کولیکٹو کے سٹاف نے میڈیا ہینڈلنگ اور میڈیا مینجمنٹ کے حوالے سے مختلف سیشنز میں لیکچرز دئیے۔ ٹریننگ کے دوران شرکا کوپرنٹ ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے موثر استعمال کے حوالے سے آگاہی دی گئی ۔

پاکستان پیس کولیکٹو کے سی ای او شبیر انور، سابق کور کمانڈر کراچی جنرل ریٹائرڈ شاہد اقبال اور ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب عامر ذوالفقار خان نے بطور جج ٹریننگ کے شرکاء کی کارکردگی مانیٹرکی ۔آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ عصرحاضر میں میڈیا اور ذرائع ابلاغ کی اہمیت کو نظر انداز کرنا ممکن نہیں اس لئے پنجاب پولیس نے فیلڈ میں کام کرنے والے سینئر افسران کیلئے اس اہم ٹریننگ کا اہتمام کیا تاکہ وہ خود کوجدید میڈیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرسکیں ، آئی جی پنجاب نے فیلڈ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ میڈیا کے ساتھ پروفیشنل تعلق کو بہتر سے بہتراورمعلومات کو بروقت شئیر کرنے کو یقینی بنائیں تاکہ کسی واقعہ کی صورت میںحقائق عوام تک پہنچ سکیں ۔

ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب عامر ذوالفقارنے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور میڈیا کا بہتر تعلق ناصرف ہنگامی حالات سے بہتر طور پر نمٹنے میں مدد دے گا بلکہ پولیس کا امیج بہتر کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پنجاب پولیس نے گذشتہ ہفتے جنوبی پنجاب کے اضلاع کے ڈی پی اوز کی ٹریننگ کیلئے دو رزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا اور اب بالائی پنجاب کے اضلاع کیلئے دو روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا تاکہ افسران زیادہ بہتر انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔

چیف آپریٹنگ آفیسر پاکستان پیس کولیکٹو شبیر انور نے کہا ہے کہ پی پی سی کے قیام کا مقصد تشدد اور انتہا پسندانہ رحجانات کی روک تھام کرنا ہے اور عوام میں ایسے عناصر سے نمٹنے کیلئے حوصلہ پیدا کرنا ہے۔ ٹریننگ کے اختتام پر آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :