یوم ثقافت کے موقع پر انجمن تاجران تمباکو بازار کے زیر اہتمام ثقافتی ریلی نکالی گئی

پیر 5 دسمبر 2016 21:59

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء)یوم ثقافت کے موقع پر انجمن تاجران تمباکو بازار کے زیر اہتمام سکھر سمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں صرافہ بازار سے ثقافتی ریلی نکالی گئی ، جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ریلی میں حاجی رئیس قریشی، حاجی پرویز چنہ، منیر میمن، عمران قریشی، زبیرعباسی، محمد اقبال، عتیق اللہ، راشد،اکرم سمیت تاجروں، دکانداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء تجارتی مراکز صرافہ بازار، لیاقت بازار، مسلم بازار، تمباکو بازار سمیت دیگر تجارتی مراکز سے گشت کرتے ہوئے ثقافتی گیت پر والہانہ رقص بھی کیا۔ ثقافتی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن و دیگر تاجروں کا کہنا تھا کہ سندھ دھرتی اولیاء، صوفیائے کرام کی دھرتی ہے جہاں پر حضرت لعل شہباز قلندر، حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی، سید عبداللہ شاہ غازی، حضرت سچل سرمست، صدرالدین بادشاہ سمیت دیگر صوفیائے کرام نے امن، بھائی چارے، پیار اور محبت کا درس دیا ۔

(جاری ہے)

سندھی ثقافت صوبہ سندھ کی پہچان اور سندھ کے عوام کی جان ہے۔ سندھی ٹوپی اور اجرک کا پہناوا امن و محبت، رواداری اور ملنساری کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ دھرتی، پیار محبت، کی سرزمین ہے۔ہمیں آپس کے اختلافات کو بھلا کر نفرتوں کو ختم کر کے محبت کے پیغام کو عام کرنا چاہیئے اس حوالے سے سندھی ثقافت کا دن جوش و جذبے کے ساتھ مناتے ہوئے سندھ کی ترقی، خوشحالی اور بہتری کیلئے سندھ میں بسنے والے تمام افراد مخلصانہ جدوجہد کریں۔