دیر بالا میں اربوں روپے کی کئی سڑکوں پر کام تیزی سے جاری ہے ،عنایت اللہ

پیر 5 دسمبر 2016 21:38

ْپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے کہا ہے کہ اس وقت دیر بالا میں اربوں روپے مالیت کی کئی سڑکوں پر کام تیزی سے جاری ہے جس میں چکیاتن ٹو براول روڈ،شرینگل ٹو پاتراک روڈ،چکیاتن براول شاہی روڈ،ریچاڑہ جان بھٹی روڈ،شنگارا درہ روڈ، ہاتن درہ روڈ،عشرئی درہ روڈ،ڈوبا روڈ،نصرت درہ روڈ ال سلام کوٹ روڈ ،شرم گنڈ روڈ،دوبندو روڈ اور دیگر کئی سڑکیں شامل ہیں اس کے علاوہ تین پلوں یعنی سرماٹ پل،ڑوگل پل اور گراونے پل پر بھی کام جاری ہے۔

ان منصوبوں کی تکمیل سے دیر کے لاکھوں عوام کو سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پشاور میں دیر بالا میں روڈ کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر برائے سی اینڈ ڈبلیو اکبر ایوب خان،سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو محمد آصف خان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ روڈ سیکٹر میں جاری ترقیاتی سکیموں کو ہر حال میں جون2017تک مکمل کریں اور کام کے معیار کو بھی برقرار رکھیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ریجاڑہ کو جان بھٹی روڈ کی تکمیل سے دیر بالا اور دیر پائیں ایک دوسرے کے قریب آجائیں گے کیونکہ یہ دونوں اضلاع کے درمیان کم ترین راستہ ہے۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ 36کلو میٹر شرینگل ٹو پاتراک پر981ملین،17کلو میٹر چکیاتن ٹو براول روڈ پر344ملین،25کلو میٹر لفٹ اور یورشن آف چکیاتن براول شاہی روڈ پر988ملین،شنگار درہ روڈ پر120ملین ہاتن درہ روڈ پر100ملین،عشرئی درہ روڈ پر300ملین اور تین پلوں کی تکمیل پر81ملین روپے خرچ ہو رہے ہیں۔