Live Updates

عمران خان ترقیاتی کاموں پر اپنی تختیاں لگانے کا شوق نہیں رکھتے ،پرویز خٹک

اے این پی کے دور میں تختیاں صرف کرپشن کیلئے لگائی جاتی تھیں،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

پیر 5 دسمبر 2016 21:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان ترقیاتی کاموں پر اپنی تختیاں لگانے کا شوق نہیں رکھتے جبکہ اے این پی کے دور میں تختیاں صرف کرپشن کیلئے لگائی جاتی تھیں اور کسی منصوبے کی لاگت کا پتہ نہیں چلتاتھا اور نہ ہی بجٹ میںتوانائی منصوبوں کیلئے رقم مختص کی گئی صرف اعلانات سے تو منصوبے نہیں بنتے۔

84 میگاواٹ مٹلتان بجلی کے منصوبے سمیت کئی منصوبوں کیلئے نہ تو کوئی پیسہ رکھا گیا تھا۔تختیاں لگوانا اے این پی کا شوق تھا جبکہ عملی کام ان کا صرف کرپشن کرنا تھا۔ اے این پی کے قائدین تحریک انصاف کی حکومت کو دُعائیں دے جن کی کاوشوں سے صوبہ میں امن قائم ہوا اور یہ لوگ جو کونوں کھدروں میں چھپتے تھے نکلنے کے قابل ہو کر جلسے جلوس کرنے لگے۔

(جاری ہے)

زرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ دوسروں پر الزام لگانے سے پہلے اے این پی کے لوگ خود اپنے گریباں میں جھانکیں کیونکہ انکی کرپشن کے قصے لوگ بھولے نہیں ۔ امیر حید رخان ہوتی کے والد مرحوم اعظم خان ہوتی اپنی زبانی اے این پی کی پوری قیادت کے خلاف کرپشن کی داستان بیان کر چکے ہیں جبکہ اسفندیار کی والدہ اپنے بیٹے کی کرپشن کا حال اپنی زبان آپ بیان کر چکی ہیںاے این پی کے دور حکومت میں ہر غیر قانونی کام قانونی بن چکا تھا ۔

کرپشن کے دریا میں یہ سر سمیت ڈوبے ہوئے تھے ۔ صوبہ جل رہا تھا اور یہ لوگ کرپشن کر رہے تھے ۔اس دور میں کرپشن کو سرکاری طور پر رواج دیا گیا تھا ۔ پختون قوم کا اجتماعی سودا کیا گیا ۔اداروں میں اپنے بدعنوان ہمنوائوں کو لگا یا گیا جس سے اس صوبے اور پورے معاشرے کو مکمل طور پر تباہ کرنے کیلئے ایک مخصو ص ذہن کی آبیاری کی گئی ۔ بد عنوانی اپنے عروج پر تھی۔

اے این پی اور ان کے اتحادیوںکی کہانیاں لوگ نہیں بھولے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پختونوں کے حقوق کی باتیں کرنے والے اپنا ماضی بھول گئے جنہوں نے ڈالر کے عوض پختونو کے حقوق اور عزتوں کا سوداکیا تھا ۔پرویز خٹک نے کہاکہ اپنے دور میں ترقی کی بات کرنے والے بھو ل گئے کہ ان کے دور میں منصوبے صرف کرپشن کیلئے شروع کئے جاتے تھے اور ان کے کاموں کے معیار کا سار ی دُنیا کو پتہ ہے۔

آج ہمیں ورثے میں ٹوٹی پھوٹی سڑکیں ملیں اور غیر معیار ی میٹریل کی وجہ سے تمام سرکاری عمارتیں خستہ ہال ہیں۔یہ جماعتیں ایک بار پھر گھر وں سے باہر نکلی ہیں۔ عوام باشعور ہیں اور وہ ان کے جھوٹے دعوئوں میں نہیں آئیں گے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کا تحریک انصاف میں شامل ہونا ان مفاد پرست سیاست دانوں کیلئے عبرت کانشان ہے۔ انھوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کاخزانہ خالی نہیں بلکہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ریکارڈ معیاری ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔

انھوں نے نوشہر ہ میں پی پی پی ، اے این پی، جے یوآئی، پی ایم ایل این سے مستعفی ہوکر تحریک انصاف میں شامل ہونے کاخیر مقدم کیا اورکہا کہ آنے والے انتخابات میں بھی عوامی طاقت سے سونامی کی کامیابی کاعمل جاری گا۔ اے این پی ، پی پی پی اور دیگر سیاسی جماعتیں آنے والے انتخابات میں اقتدار میں آنے کے خواب چھوڑ دیں انشاء اللہ آنے والا دور بھی پی ٹی آئی کا ہے اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات