قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے امدادی سرگرمیوں کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا،مہر اعجاز احمد چلانہ

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا قلمدان سنبھالنے کے بعد محکمانہ بریفنگ سے خطاب ڈائریکٹر جنرل خالد شیر دل نے صوبائی وزیر کو PDMA کے متعلق تفصیلی طو رپر آگاہ کیا

پیر 5 دسمبر 2016 21:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء)وزیر برائے قدرتی آفات مہر اعجاز احمد چلانہ نے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے امدادی سرگرمیوں کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا ۔ وہ آج یہاں صوبائی محکمے کا قلمدان سنبھالنے کے بعد پہلی محکمانہ بریفنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل خالد شیر دل ، ڈائریکٹر ڈاکٹر خرم اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

ڈائریکٹر جنرل خالد شیر دل نے صوبائی وزیرکو محکمے کے قیام کے اغراض و مقاصد ،سٹرکچر ، امدادی کاروائیاں اور مستقبل کے لائحہ عمل کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جس کو صوبائی وزیر نے بے حد سراہا ۔ مہر اعجاز احمد چلا نہ نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے محکمانہ اقدامات قابل تعریف ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کو روکا نہیں جا سکتا ،ان کے سدباب اور امدادی سرگرمیوں کیلئے کمانڈ سسٹم کو مزید بہتر بنایا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ PDMA کی موثر امدادی سرگرمیوں کی وجہ سے قدرتی آفات سے نمٹنے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر امدادی سرگرمیوں کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کی آسانی کیلئے محکمے کی ہیلپ لائن 1029 سے تبدیل کر کے 1133 کر دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی محکمے کے وئیر ہاؤسسزware houses کا دورہ کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور ٹیکنالوجی کا دور ہے ۔ دنیا سمٹ کر ایک گاؤں بن گئی ہے ۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے امدادی سرگرمیوں کی فراہمی مزید آسان بنائی جائے گی اور متاثرین کو فراہم کئے جانے والے امدادی سامان کی ترسیل اور وصولی کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا ویژن عوام الناس کی خدمت ہے اس میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا ۔