پاکستان میں پائیدار جمہوریت کا قیام آزاد میڈیا کے وجود سے مشروط ہی: صوبائی وزیر اطلاعات

کارکن صحافیوں کی پیشہ وارانہ تربیت کے لئے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام پر غور کیا جائے گا: مجتبیٰ شجاع الرحمن

پیر 5 دسمبر 2016 21:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت ذرائع ابلاغ کی آزادی پر مکمل اور غیر متزلزل یقین رکھتی ہے۔پاکستان میں پائیدار جمہوریت کا قیام آزاد میڈیا کے وجود سے مشروط ہے۔اس حوالے سے ذرائع ابلاغ کے اداروں کو اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے بھرپور انداز میں معاونت کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرایڈیٹرز کے عہدیداران سے ایک مقامی ہوٹل میں ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع مشیر اطلاعات وثقافت ملک احمد علی بھی موجود تھے۔کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافت اپنی روز افزوں بڑھتی ہوئی اہمیت کے پیش نظر بجا طور پر حکومت کا چوتھا ستون کہلانے کا مستحق ہے۔

(جاری ہے)

صحافت کے اثرورسوخ کی بدولت دنیا سمٹ کر گلوبل ویلج بن چکی ہے اور آج کا انسان پرنٹ والیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا ٹولز کا استعمال کرکے اظہار رائے کررہا ہے۔ اس طرح عام آدمی کو اپنے جذبات کے اظہار کا موقع ملا ہے جس سے لوگوں کا کتھارسس ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ذرائع ابلاغ سے وابسطہ افراد کو بھرپور سہولتیں مہیا کی جائیں۔

اس طرح حکومت کو حالات وواقعات سے آگہی ہوتی ہے اور اسے پبلک فیڈ بیک بھی ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجونواں کے لئے اس شعبہ میں ترقی کے بے شمار امکانات موجود ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ صحافت سے وابسطہ افراد کو پیشہ وارانہ تربیت کے لئے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام پر غور کیا جائے گا اور کارکن صحافیوں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں گے

متعلقہ عنوان :