کراچی ،ڈاکٹر محمد فاروق ستار کی ہوٹل ریجنٹ پلازہ میں آتشزدگی کے واقعہ کی شدید مذمت

کنوینر ایم کیو ایم پاکستان کا آتشزدگی کے نتیجے میں ڈاکٹرز، خواتین سمیت 11افراد کے جاں بحق اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا ر

پیر 5 دسمبر 2016 21:33

کراچی ،ڈاکٹر محمد فاروق ستار کی ہوٹل ریجنٹ پلازہ میں آتشزدگی کے واقعہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے ہوٹل ریجنٹ پلازہ میں آتشزدگی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور آتشزدگی کے نتیجے میں ڈاکٹرز ، خواتین سمیت 11افراد کے جاں بحق اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے ۔ ایک مذمتی بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ ہوٹل ریجنٹ پلازہ کا شمار شہر کے جدید اور بڑے ہوٹلوں میں ہوتا ہے اور یہاں رات گئے لگنے والی آگ پر فی الفور قابو نہ پایا جاناہوٹل انتظامیہ مجرمانہ غفلت کا ثبوت ہے ۔

انہوںنے کہاکہ شہرمیں آتشزدگی کے واقعات پر قابو پانے اور انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ فی الفور اسناکل اور فائربریگیڈ کیلئے خصوصی ٹرینڈر اور پیکیج جاری کریں تاکہ آتشزدگی کے ہولناک واقعات پرفی الفور قابو کر کسی بڑے سانحہ سے بچا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ شہر کراچی ملک کو سب سے زیادہ ریونیو فراہم کرتا ہے لیکن آتشزدگی کے واقعات اور دیگر سانحات میں مشینری اور آلات کی عدم فراہمی شہر کے ساتھ سوتیلی کا سلوک رکھنے کے مترادف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں اس سے قبل بھی آتشزدگی کے ہولناک واقعات رونما ہوچکے ہیں لیکن اس کے باوجود ان واقعات سے نمٹنے کیلئے سرکاری سطح پر کسی قسم کے اقدامات نہ کرنا کھلی بے حسی ہے اور کراچی شہر اور اس کے عوام کو ایسے واقعات میں تن تنہا چھوڑنے کے مترداف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے آتشزدگی کے نتیجے میں جاںبحق ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، سوگواران کو صبرجمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا کرے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ہوٹل ریجنٹ پلازہ میں لگنے والی آگ کی فی الفوراعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائے اور شہر میں آتشزدگی کے واقعات پر قابو پانے کیلئے جدید مشینری اور آلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ #