چیئرمین سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس حاجی محمد جاوید میمن کا اہم تجارتی مراکز، رہائشی علاقوں سمیت شہر بھر میں مسلسل نکاسی نظام کی خرابی پر شدید غم و غصے کا اظہار

پیر 5 دسمبر 2016 21:33

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء)سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے شہر کے اہم تجارتی مراکز ، رہائشی علاقوںسمیت شہر بھر میں مسلسل نکاسی نظام کی خرابی پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نساسک انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں انجام دینے میں بری طرح ناکام ہوچکا ہے، شہر میں صفائی ستھرائی کی بہتری اور مفلوج نکاسی نظام کی درستگی کیلئے جھوٹے وعدے اور یقین دہانیاں کرائی جا رہی ہیں شہر کی حالت بہتر بنانے کے بجائے دن بدن ابتر ہوتی جا رہی ہے،وزیر اعلیٰ سندھ و دیگر ارباب اختیار نساسک کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیکر اسے سے فوری طور پر معاہدہ ختم کر کے سکھر شہر کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ایس ڈی اے کے رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

حاجی محمد جاوید میمن کا مزید کہنا تھا کہ نساسک افسران نے ایس ڈی اے کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں شہر میں صفائی ستھرائی، نکاسی نظام کی درستگی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی جس پر تاحال عملدرآمد نظر نہیں آ رہا، شہر کی اہم تجارتی مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں میں گندے کچرے کے ڈھیروں اور اس سے اٹھنے والے تعفن نے تاجروں اور شہریوں کی زندگی عذاب بنا دی ہے، جبکہ شہر کے اہم تجارتی مراکز، گھنٹہ گھر، پان منڈی، بیراج روڈ، نشتر روڈ، میانی روڈ، جناح چوک، لطیف پارک ، شالیمار، پرانہ سکھر ، قریشی روڈ،سمیت دیگر تجارتی و رہائشی علاقوں میں نکاسی نظام کی مسلسل خرابی کی وجہ سے گٹروں اور نالیوں کا گندا پانی تالاب کا منظر پیش کر رہا ہے اس کے باوجود نساسک انتظامیہ کی جانب سے کوئی بھی اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے، ان کا کہنا تھا کہ شہر سے منتخب نمائندوں اور میئر، ڈپٹی میئر نے بھی شہری مسائل سے چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے، جنہیں شہری مسائل سے کوئی غرض نہیں، شہر سے منتخب نمائندوں کے بعد میئر سکھر بھی شہریوں کو لاوارث چھوڑ کر اب بیرون شہر اور بیرون ملک کے مزے لوٹ رہے ہیں، انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر شہر کی بہتری کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو ہم پھر سڑکوں پر نکل کر بھرپور احتجاج کرتے ہوئے نساسک دفتر اور منتخب نمائندوں کے گھروں کا گھیرائو کرینگے۔

#