محکمہ خوراک کی گرانفروشوں اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں

پیر 5 دسمبر 2016 21:09

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) محکمہ خوراک کے افسران نے ماہ نومبر میں گرانفروشوں، غیر معیاری اشیاء کی فروخت کرنے والے دوکانداروں کے خلاف کارروائیوں میں دو لاکھ سے زائد جرمانہ وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کروا دیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ایبٹ آباد شاد محمد خان کی زیر نگرانی اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر عظمیٰ شاہ نے ہمراہ فوڈ انسپکٹرز و دیگر عملہ ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں میں ماہ نومبر میں کارروائیوں کے دوران دوکانداروں کو دو لاکھ بارہ ہزار روپے جرمانہ عائد کر کے قومی خزانہ میں جمع کروایا۔

اس دوران محکمہ خوراک نے مختلف اشیاء کے دس نمونے حاصل کر کے لیبارٹری کو بھجوائے جن میں سے تین فیل ہوئے جن کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ پہلے سے ذبح شدہ 20 کلو گرام مرغ بھی ضبط کیا گیا۔ ڈی ایف سی شاد محمد خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کے وژرن اور ہدایات کے مطابق غیر معیاری اشیاء اور اشیاء خوردونوش کی مہنگے داموں فروخت پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ایسے افراد کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا اور اس سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔