ْاو آئی سی کی صومالیہ میں قحط سالی کے خاتمے کیلئے تمام رکن ممالک سے ہنگامی امداد کی اپیل

پیر 5 دسمبر 2016 21:09

جدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (او آئی سی) صومالیہ میں قحط سالی کے خاتمے کیلئے تمام رکن ممالک سے ہنگامی امداد کی اپیل کی ہے۔ پیر کو جاری کردہ بیان میں او آئی سی نے رکن ممالک اور امدادی پارٹنرز سے کہا ہے کہ صومالیہ میں قحط سالی کی قدرتی آفت کے باعث لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ خوراک کی شدید قلت کے باعث بچے اور بوڑھے بھیانک بھوک اور افلاس کا شکار ہیں، کئی افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمد نے گزشتہ روز خط لکھ کر او آئی سی کو ملکی صورتحال سے آگاہ کیا تھا اور ہنگامی بنیادوں پر امداد اور خوراک کی اپیل کی تھی۔ او آئی سی کے مطابق صومالیہ کے صدر کی اپیل کی روشنی میں تمام رکن ممالک ہنگامی بنیادوں پر خوراک اور ادویات کا بندوبست کریں۔ قحط سالی اور خشک سالی سے کم سے کم 7 لاکھ 60 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اگر ہنگامی بنیادوں پر امداد نہ پہنچائی گئی تو صورتحال خطرناک حد تک بگڑ جائے گی۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تمام عالمی ادارے بھی امداد پہنچائیں تاکہ لاکھوں افراد کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :