کیڈیٹ کالج کوہلو کی فرسٹ انٹری کے بہترین سالانہ نتائج آنے پر انتظامیہ نے والدین اور کیڈٹس کو مبارکباد پیش

پیر 5 دسمبر 2016 20:33

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء)کیڈیٹ کالج کوہلو کی فرسٹ انٹری کے بہترین سالانہ نتائج آنے پر انتظامیہ نے والدین اور کیڈٹس کو مبارکباد پیش کی۔ تفصیلات کے مطابق فرسٹ انٹری کے چالیس 40کیڈٹس میں سے ستائیس 27نے A+،نو9نی A، جبکہ چار 4نے B گریڈ میں کامیابی حاصل کی۔ بہترین نتائج آنے پر پرنسپل کیڈیٹ کالج کوہلو پروفیسر ناصرمراد نے اسٹاف اور کیڈٹس کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے انہیں مزید محنت کی تلقین کی اور اس جوش و جذبہ کے ساتھ مستقبل میں کام جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسٹاف اور کیڈٹس کو ساز گار ماحول فراہم کیا جائے گا جس کے لئے حکومتی سطح پر کوشش جاری ہے وسائل کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ درپیش نہیں اب یہ نوجوانوں پر منحصر ہے کہ وہ مواقع سے کس حد تک استفادہ حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی مختصر مدت میں کیڈیٹ کالج کو ہلو کے کیڈٹس نے بہترین تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ کل پاکستان تقریری مقابلوں ، صوبائی سطح پرمنعقد ہونے والے مقابلے اور کیڈیٹ کالج کے ساتھ کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کی جو اس بات کی دلیل ہے کہ نامساعدحالات کے باوجود ادا رے اور قومیں اپنے بلند ارادوں کے باعث ترقی کر سکتی ہیں۔