تمام متعلقہ محکمے ڈینگی کے آئندہ سیزن کیلئے ابھی سے پلاننگ شروع کریں،خواجہ سلمان رفیق

پیر 5 دسمبر 2016 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجو کیشن خواجہ سلمان رفیق نے تمام متعلقہ سرکاری محکموں اور اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ڈینگی کے آئندہ سیزن کیلئے ابھی سے منصوبہ بندی کا آغاز کر دیں اور ڈینگی سرویلنس کے حوالے سے مائکرو پلاننگ کی خامیوں کو دور کیا جائے۔ اُنہوں نے صوبے کے مختلف اضلاع خصوصاً راولپنڈی میں ڈینگی کی وباء پر قابو پانے پر DCO راولپنڈی اور سرکاری محکموں کی کاوشوں کو سراہا۔

خواجہ سلمان رفیق نے ڈ ینگی مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے پر بے نظیر بھٹو ہسپتال ، ہولی فیملی ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال راولپنڈی کے ڈاکٹروں، نرسز اور پیرا میڈیکس کے جذبہ خدمت کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے ان خیالات کا اظہار سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پیر اشرف رسول MPA ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین سید، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اور محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے سینئر افسران کے علاوہ تمام متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ راولپنڈی ، فیصل آباد ، ملتان ، گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور اٹک کے DCOs اور EDOs نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔

DCOراولپنڈی نے بتایا کہ اس وقت راولپنڈی کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے صرف تین مریض زیر علاج ہیں جن کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور کے بعض علاقوں خصوصاً DHA سے ڈینگی کے مریض رپورٹ ہو رہے ہیں تاہم مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہو گئی ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول نے ڈینگی کی صورتحال بارے رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں ڈینگی کی روک تھام کے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :