نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے انٹرنیشنل سپورٹس اور ٹورازم ایکسپو منعقد کی جائیگی، رانا مشہود احمد

ایکسپو14,15جنوری کو ایکسپو سنٹر میں ہوگی، دنیا کی24ممالک کے کھلاڑی اور ٹورسٹ شرکت کریں گے، ایکسپو سے دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہوگا، صوبائی وزیر

پیر 5 دسمبر 2016 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ پنجاب کے نوجوانوں کا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے لایا جائے، اس کیلئے سپورٹس اور ٹورازم ایکسپو کا اہتمام کیا جارہا ہے، یہ ایکسپو 14،15جنوری2017میں ایکسپو سنٹر میں منعقد کی جائیگی، جس میں سارک اور یورپی ممالک سے کھلاڑی اور ٹورسٹ شرکت کررہے ہیں، ایکسپو کے انعقاد سے پاکستان کا دنیا میں سافٹ امیج ابھر کر سامنے آئے گا، سیکرٹری سپورٹس پنجاب نیئر اقبال نے کہا کہ ایکسپو میں نوجوانوں کو سپورٹس اور ٹورازم سے متعلق آگاہی دی جائے گی، ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے لیجنڈ کرکٹر ظہیر عباس کی قیادت میں 6 کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز قائم کردی ہیں، ان میں سے کھلاڑی منتخب کرکے ایک ٹیم بنائیں گے، جو ایکس چینج پروگرام کے تحت بیرون ملک کھیلنے کیلئے جائیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہمیشہ ٹیلنٹ کو پروموٹ اور نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کیلئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا ہے، انٹرنیشنل سپورٹس اور ٹورازم ایکسپو کے انعقاد سے نوجوان کے ویژن میں اضافہ ہوگا اور دنیا پاکستان کے نوجوانوں کے ٹیلنٹ سے آگاہ ہوگی، ایکسپو میں24 سے زائد ممالک کے کھلاڑی اور ٹورسٹ شرکت کررہے ہیں، اس کے علاوہ اس میں سٹال لگائے جائیں گے، بزنس میٹنگ ہونگی اور سپورٹس،ٹورازم کے حوالے سے سرگرمیاں بھی ہونگی، ہاکی کے مایہ ناز کھلاڑی شہباز سینئر اور معروف کرکٹر اعجاز احمد کو ایکسپو کا برانڈ ایمبسیڈر بنایا گیا ہے،یہ ایک منفرد ایکسپو ہوگی جس میں دنیا کو بتائیں گے کہ ہمارے نوجوان کتنے باصلاحیت ہیں، ایکسپو کے انعقاد سے جہاں ملکی معیشت مضبوط ہوگی وہاں نوجوانوں کیلئے آگے بڑھنے کے مواقع بھی ملیں گے، ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت کو سفارشات مل گئیں اور کمیٹی نے منظوری دیدی ہے، انشاء اللہ فروری میں اس بار بسنت بھرپور انداز میں منائی جائے گی، اس کے کیلئے شہر کے اندر اور باہر مقامات مخصوص کئے جائیں گے، روایتی میلوں کیلئے نیا سٹیڈیم بنایا جائے گا جہاں پر روایتی کھیل اور تہوار منعقد کئے جائیں گے ، سیکرٹری سپورٹس پنجاب نیئراقبال نے کہا کہ ایکسپو نوجوانوں کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگی جہاں نوجوان اپنے ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے لا سکیں گے، نوجوانوں کو سپورٹس اور ٹورازم سے معلق مکمل آگاہی دی جائے گی، ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے لیجنڈ کرکٹر ظہیر عباس کی قیادت میں 6کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز قائم کردی ہیں، جن میں نوجوانوں کو تربیت دینے کے بعد ایک ٹیم بنائیں گے، دیگر ممالک سے بات چیت چل رہی ہے، ایکس چینج پروگرام کے تحت اپنی ٹیم بیرون ملک بھجیں گے اور ان کی ٹیمیں پاکستان آکر کھیلیں گی۔

(جاری ہے)

بعدازاں صوبائی وزیر کھیل رانا مشہوداحمد خان، سیکرٹری سپورٹس پنجاب نیئر اقبال، ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے انٹرنیشنل سپورٹس اور ٹورازم ایکسپو کے لاگو کی رونمائی کی۔