اتمان خیل کیلئے تحصیل کے قیام کی کوششیں جاری ہیں، محمود خان

پیر 5 دسمبر 2016 20:13

پشاور۔05دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے کھیل و ثقافت، میوزیم اور امور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بلا امتیاز عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور معاشرے سے ظلم، ناانصافی کے خاتمے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں ملاکنڈ سے تعلق رکھنے والے اتمان خیل قوم کے مشران کے ایک نمائندہ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جرگے کی قیادت سابق رکن قومی اسمبلی محمد خان ،حاجی نورزمین خان انجینئر شاد محمد خان نے کی۔ مقررین نے کہا کہ صوبائی حکومت پسماندہ اور ماضی میں نظر انداز کئے گئے علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دے رہی ہے اور اس مقصد کیلئے تمام دستیاب وسائل کو استعمال میں لارہی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محمود خان نے قومی جرگے کو یقین دلایا کہ انکے تمام جائز مسائل و مشکلات بشمول اتمان خیل قوم کیلئے علیحدہ تحصیل کے قیام کے بارے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے تفصیلی بات چیت کریں گے۔

محمود خان نے کہا کہ اتمان خیل قوم کا یہ دیرینہ مطالبہ موجودہ صوبائی حکومت پوار کرنے کیلئے حقیقی معنوں میں عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ کیلئے چوتھی تحصیل کے قیام سے اتمان خیل قوم کے مسائل و مشکلات ان کے دہلیز پر حل ہوں گے۔