میلے میں ثقافتی پروگرام، مقامی دستکاری، فن پارے، ہندکو ڈرامہ، ہندکو گیت اور ہندکو مشاعرہ پیش کیا گیا

پیر 5 دسمبر 2016 20:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء)گندھارا ہندکو بورڈ پاکستان اور گندھارا ہندکو اکیڈمی پشاور کے زیر اہتمام گزشتہ روز کوہاٹ میںایک روزہ ہندکو ثقافتی میلے کا انعقاد کیا گیا۔ میلہ باچا خان لائبریری ہال کوہاٹ میں منعقد ہوا جو صبح 9 بجے سے رات تک جاری رہا۔ ثقافتی میلے کے کوآرڈینیٹر گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین، چیف آرگنائزر ڈاکٹر مطیع الله شاہ اور ڈپٹی آرگنائزر طارق محمود تھے۔

جبکہ اس میلے کے مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی شہریار آفریدی تھے۔ میلے کی صدارت گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری، ہندکو کے شاعر، ادیب اور محقق محمد ضیاء الدین نے کی۔ اس موقع پر گندھارا ہندکو بورڈ کے جائنٹ سیکرٹری احمد ندیم اعوان، ہزارہ سے پروفیسر ملک ناصر دائود، اجمل نذیر، نذیر حسین کسیلوی، واہ کینٹ سے ڈاکٹر شاہدہ اصغر، ٹیکسلا کے محقق راجہ نور محمد نظامی کے علاوہ شعراء، ادباء، خواتین و حضرات، طلباء اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

میلے کے مختلف شعبہ جات کے آرگنائزرز میں اعجاز بخاری، رضا حسین کاظمی، عاتق شاہ، عالیہ شفیق، مصدق حسین، راحت، خالد درانی اور محمد حسین شامل تھے۔ فنکاروں میں عبدالحمید حمیدی، قادر پہلوان، ندیم، قیوم شاد، شفیق انور، محمد رمضان، مریم حسین، عاشق حسین، آصف چشتی، احمد ندیم اعوان، خان زمان اعظم نے گائیکی میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

شعراء میں ڈاکٹر شجاعت علی راہی، محمد اسرار، خان زمان اعظم، معصوم شاہ معصوم، شمس الاسلام شمس، ارشد نعیم، عمران طالب نے اپنے کلام پیش کئے۔ مہمان خصوصی شہریار آفریدی نے اپنے خطاب میں میلے کے کامیاب انعقاد پر گندھارا ہندکو بورڈ کی تعریف کی اور ہندکو زبان، ادب و ثقافت کی ترویج و ترقی کے حوالے سے گندھاراہندکو بورڈ اور اکیڈمی کی کاوشوں کو سراہا اور میلے کے انعقاد میں گندھارا ہندکو بورڈ کوہاٹ چیپٹر کے اراکین کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہندکو زبان، ادب وثقافت کی ترقی کیلئے تعاون کریں گے۔ میلے کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر مطیع الله شاہ نے اپنے خطاب میں ہندکو زبان کا مختصر تعارف پیش کیا اور کوہاٹ میں ہندکو ثقافتی میلے کے کامیاب انعقاد پر تمام شرکاء کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمدضیاء الدین نے کہا کہ ہندکو ثقافتی میلے کے انعقاد کا مقصد ہندکو اور دیگر علاقائی زبانوں، ادب و ثقافت کی ترویج و ترقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ 23 سال سے ہندکو زبان، ادب و ثقافت کے فروغ کیلئے کام کررہے ہیں اور گندھارا ہندکو بورڈ اس سے پہلے بھی چار عالمی ہندکو کانفرنسوں اور آٹھ کے پی کے لینگویجز کانفرنسز کے علاوہ سینکڑوں پروگرام منعقد کرچکا ہے۔ اس کے علاوہ ہم دیگر زبانوں کے ادب و ثقافت کے حوالے سے کتابیں اور رسالے بھی چھاپ رہے ہیں۔ کوہاٹ ثقافتی میلے میں ہندکو ڈرامہ، سٹیج شو، مقامی دستکاری اور ثقافتی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

اس موقع پرکوئز سیشن بھی ہوا جس میں ہندکو ضرب الامثال کے حوالے سے شرکاء سے سوال وجواب کئے گئے اور انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ مختلف سکولوں کے بچوں نے شادی بیاہ کی علاقائی رسومات کے حوالے سے خاکے بھی پیش کئے۔ کوہاٹ سے تعلق رکھنے والی ہونہارطالبہ مریم نے خوبصورت ہندکو لوک گیت پیش کئے جس سے شرکاء محظوظ ہوئے۔ کوہاٹ کے مشہور مصور لیاقت علی خان کے ہاتھ سے بنائے ہوئے فن پارے بھی شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

میلے میں کوہاٹ کی مقامی دستکاریوں کی نمائش بھی پیش کی گئی جبکہ اسٹیج ڈرامہ کو بھی حاضرین نے بے حد پسند کیا۔ شعراء، محققین نے اپنے خصوصی خطاب میں علاقے کی ثقافت کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی۔ میلے میں ہندکو مشاعرہ بھی منعقد ہو ا جس میں مقامی شعراء نے اپنا اپنا کلام پیش کیا۔ جبکہ اس موقع پر ہندکو موسیقی کے پروگرام کا اہتمام بھی کیاگیا تھا جس میں مقامی فنکاروں نے ہندکو لوک گیت پیش کرکے شرکاء کو محظوظ کیا۔

دریں اثناء میلے میں کوہاٹ سے ہندکو میگزین کے اجراء کا اعلان بھی کیا گیا جس کے مدیر ارشد نعیم قریشی ہونگے۔ میلے میں فیصلہ ہوا کہ گندھارا ہندکو بورڈ کوہاٹ چیپٹر کی ایگزیکٹو باڈی قائم کی جائے گی۔ میلے کی کمپیئرنگ مصدق حسین، عالیہ شفیق اور حناء روف نے بھرپور طریقے سے کی اور حاضرین سے داد وصول کی۔ کوہاٹ کی تاریخ میں اس فقید المثال پروگرام کے انعقاد پر حاضرین نے پروگرام کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر سید مطیع اللہ شاہ کی بے حد ستائش کی اور اُمید ظاہر کی کہ اس طرح کے پروگرام مستقبل میں بھی منعقد ہوتے رہیں گے۔

اس کامیاب میلے میں ایک اندازے کے مطابق 700سے زائد خواتین وحضرات نے شرکت کی۔ پروگرام کے دوران مہمانوں کی تواضع چائے اور کھانے سے کی گئی اور یہ اعلان کیا گیا کہ اس طرح کہ پروگرام مستقبل میں بھی گندھارا ہندکو بورڈ منعقد کرواتا رہے گا