اٹلی پاکستان کا ایک قریبی دوست، اہم تجارتی اور سرمایہ کار پارٹنر ہے

دونوں ممالک کے درمیان کثیر الجہتی اداروں بالخصوص اقوام متحدہ میں بہترین تعاون ہے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا اٹلی کے نائب وزیر برائے اقتصادی ترقی ایان سکال فروٹو کے ساتھ ملاقات میں اظہار خیال

پیر 5 دسمبر 2016 19:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ اٹلی پاکستان کا ایک قریبی دوست، اہم تجارتی اور سرمایہ کار پارٹنر ہے، دونوں ممالک کے درمیان کثیر الجہتی اداروں بالخصوص اقوام متحدہ میں بہترین تعاون ہے۔ وزیراعظم کے مشیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار اٹلی کے نائب وزیر برائے اقتصادی ترقی ایان سکال فروٹو کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا جو پاک۔

اٹلی مشترکہ اقتصادی کمیشن میں شرکت کیلئے پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ اطالوی تاجروں کا بڑا وفد بھی ان کے ہمراہ آیا ہے۔ دونوں ممالک نے پاکستان اور اٹلی کے دوطرفہ تعلقات میں مثبت اضافہ پر اطمینان کا اظہار کیا اور اضافی تعاون بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبہ میں زیادہ تعاون پر زور دیا اور توقع ظاہر کی کہ اس دورہ سے پاکستان اور اٹلی کے درمیان تجارتی اور معاشی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے مشیر نے انہیں علاقائی امن و استحکام سے متعلق وزیراعظم کی کوششوں اور تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھنے کیلئے وزیراعظم کی ٹھوس عزم سے آگاہ کیا۔ اٹلی کے نائب وزیر نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں اٹلی کی طرف سے تعاون جاری رکھنے کی حمایت کا اظہار کیا۔