پی آئی اے نے 2020 تک فضائی بیڑے میں 60جہاز شامل کرنے کا ہدف مقررلیا

پیر 5 دسمبر 2016 19:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن (پی آئی اے ) 2020تک فضائی بیڑے میں 60جہاز شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ‘موجودہ حکومت کے پہلے تین سالوں کے دوران 20طیاروں کا اضافہ کیا گیا ہے ‘ قومی و بین الاقوامی پروازوں کی آمدورفت بروقت ہونے اور دیگر ایئر لائن کے مقابلے میں سہولیات کی فراہمی پر 10لاکھ ذیادہ مسافروں کو پی آئی اے میں لایا گیا ہے ۔

پی آئی اے کے ڈائریکٹر کارپوریٹ عامر علی نے پیر کو اے پی پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتا یا کہ اس وقت پی آئی اے کے پاس 38جہاز ہیں ‘ ہمارا ہدف ہے کہ 2020تک طیاروں کی تعداد 60تک لے جائیں ‘اس پر تیزی سے کام کر رہے ہیں ‘ 2013سے لیکر اب تک موجودہ حکومت کے بھر پور تعاون سے پی آئی اے اپنے فضائی بیڑے میں 20طیاروں کا اضافہ کر چکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتا یا کہ آئندہ سال سے پی آئی اے آپریٹنگ لاسز کو ختم کر کے آپریٹنگ پرافٹ کی پالیسی پر کام شروع کر ے گی جس کا مقصد آپریشنل سائیٹ پر آمدن بڑھا نا ہے ۔

عامر علی نے بتا یا کہ پی آئی اے کی ٹکٹنگ کی فروخت براہ راست سمارٹ فون کے ذریعے کرنے کے لئے تیزی سے کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی روٹس پر بین الاقوامی معیار کے طیارے لانے کے لئے بھر پور کوششیں جاری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایک سال کے دوران پی آئی اے نے 10لاکھ اضافی مسافروں کو پی آئی اے میں لانے میں کامیاب رہی ہے ‘اسی طرح مقامی روٹس پر 14فیصد اور بین الاقوامی روٹس پر 4فیصد اضافی مسافر وں نے پی آئی اے کے ذریعے سفر کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :